• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کیخلاف سائفر کیس خراب طریقے سے ہینڈل کیا گیا، سینئر صحافی

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی حسنات ملک نے کہا کہ پراسیکیوشن نے عمران خان کیخلاف سائفر کیس خراب طریقے سے ہینڈل کیا.

 میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں سزا معطل ہونے اور سائفر کیس میں بریت ہونے کے بعد اب صرف عدت کیس میں عمران خان سزا کاٹ رہے ہیں بہت جلد عدت کیس بھی ختم ہوجائے گا اور عمران خان جیل سے باہرآجائیں گے، مگر خبریں آرہی ہیں کہ عمران خان کی رہائی کا راستہ روکنے کیلئے نئی رکاوٹیں کھڑی کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں.

سینئر صحافی حسنات ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی ضرورت سے زیادہ اعتماد کا شکار نظرآرہی ہے، پی ٹی آئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے ریلیف مل رہا ہے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق سے بھی انہیں بڑا ریلیف ملا ہے، پراسیکیوشن نے عمران خان کیخلاف سائفر کیس خراب طریقے سے ہینڈل کیا.

 چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی پی ٹی آئی کے حوالے سے وہی رائے ہے جو ایگزیکٹو کی ہے، نو مئی ہو یا سوشل میڈیا کے حوالے سے چیف جسٹس کی رائے اور سوالات وہی ہے جو ایگزیکٹو اور مقتدر حلقوں کے ہیں.

 لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو سپریم کورٹ میں تعینات کیا جاتا ہے تو حکومت کو لاہور ہائیکورٹ میں جو پریشانی ہے وہاں مسئلہ حل ہوسکتا ہے، اسلا م آباد ہائیکورٹ میں بھی چیف جسٹس عامر فاروق ماضی کی طرح اپنے پاس تمام کیسز لگائیں تو وہاں بھی بڑا مشکل ہوگا۔

اہم خبریں سے مزید