• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کراچی کے روشن مستقبل کیلئے مسلسل کام کر رہی ہے، شرجیل میمن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کراچی کے روشن اور بہترین مستقبل کیلئے مسلسل لگن سے کام کر رہی ہے، پیپلز بس سروس کی توسیع پبلک ٹرانسپورٹ بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔وہ گزشتہ روز کراچی سے تعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی کے ارکان پارلیمان، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور پیپلز بس سروس کے حکام کے اہم اجلاس سے خطاب کررہے تھے، جس میں ارکان قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل، آغا رفیع اللہ، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، ارکان سندھ اسمبلی سلیم بلوچ، یوسف بلوچ، یوسف مرتضیٰ، راجا عبدالرزاق، لیاقت آسکانی، آصف خان ، شازیہ سنگھار، ایم ڈی ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کمال دایو، پیپلز بس سروس کے پراجیکٹ ڈائریکٹر صہیب شفیق، آپریشنل منیجر عبدالشکور اور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں پیر سے ہاکس بے تا صدر اور منگھوپیر تا بنارس بعد از سروے نئے روٹس کے لئے ٹیسٹ بس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ملیر، کیماڑی، لیاری اور ضلع غربی میں پیپلز بس سروس کے نئے روٹس شروع کرنے کے ساتھ ساتھ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ضیاء الدین اسپتال، کلفٹن تا چاکیواڑہ چوک براستہ بلاول چورنگی،26 اسٹریٹ، گزری لین ، سی ایم ہاؤس ، سلطان آباد، ماڑی پور روٹ کو توسیع دی جائے گی۔
اہم خبریں سے مزید