• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بھارت پیغامات کا تبادلہ، آئیں نفرت کو امید سے بدل کر 2 ارب انسانوں کی ترقی کا موقع بنائیں، نواز کی مودی کو مبارکباد

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور بھارت کی قیادت کے درمیان تہنیتی پیغامات کا تبادلہ ہوا ہے، سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو حالیہ انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں آپکی جماعت کی کامیابی لوگوں کا آپکی قیادت پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے، آئیں نفرت کو امید سے بدل کر 2ارب انسانوں کی ترقی کا موقع بنائیں، وزیراعظم شہباز شریف نے بھی بھارتی وزیراعظم کو مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا، بھارتی وزیراعظم نے نواز شریف اور شہباز شریف کو جوابی پیغام میں کہا آپکی نیک تمناؤں کیلئے شکریہ، بھارت کے عوام ہمیشہ امن، سلامتی اور ترقی پسند خیالات کیساتھ کھڑے رہے ہیں،بھارتیوں کی سیکورٹی اور خوشحالی ہمیشہ ترجیح رہے گی،دوسری جانب وزیراعظم خواجہ آصف کا کہناہے کہ بھارت سے کشیدگی کی بڑی وجہ تنازع کشمیر ہے ہم نے کون سا محبت نامہ بھیج دیا مودی کو مبارکباد دینا سفارتی ضرورت ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے صدر نواز شریف نے لگاتار تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے پر پڑوسی ملک بھارت کے وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی ہے اور خطے کی بہتری کیلئے ملکر کام کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آئیں ہم ملکر نفرت کو امید سے بدل دیں۔ نواز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر نریندر مودی کو مسلسل تیسری مرتبہ بھارتی وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ حالیہ انتخابات میں آپکی جماعت کی کامیابی آپکے لوگوں کا آپکی قیادت پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کو خطے کی بہتری کیلئے ملکر کام کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آئیں ہم ملکر نفرت کو امید سے بدل کر جنوبی ایشیا میں رہنے والے دو ارب انسانوں کی قسمت و تقدیر بدلنے کے موقع سے استفادہ کریں۔ نریندر مودی نے مسلم لیگ(ن) کے صدر کی مبارکباد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپکی مبارکباد کے پیغام کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے عوام ہمیشہ امن، سلامتی اور ترقی پسند خیالات کیساتھ کھڑے رہے ہیں اور بھارت کے لوگوں کی فلاح اور تحفظ کیلئے کام کرنا ہمیشہ میری ترجیح رہے گی۔ اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی تیسری مرتبہ وزیر اعظم کا حلف اٹھانے پر نریندر مودی کو مبارکباد پیش کی تھی اور بھارتی وزیراعظم نے ان کا بھی شکریہ ادا کیا تھا۔ علاوہ ازیں جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی مودی کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد صرف سفارتی ضرورت ہے،ہم نے کون سا نریندر مودی کو محبت نامہ بھیج دیا،نریندر مودی مسلمانوں کا قاتل ہے۔ بھارت سے کشیدگی کی بڑی وجہ تنازع کشمیر ہے، مقبوضہ کشمیر کی حیثیت بحال کرنا ہوگا۔

اہم خبریں سے مزید