اسلام آباد( رپورٹ:،رانا مسعود حسین ) سپریم کورٹ نے اسلام آباد اور خیبر پختونخواء کی حدود میں واقع مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں قائمʼʼ دی مونال ریسٹورنٹʼʼ سمیت تمام ریسٹورنٹس تین ماہ کے اندر اندر بندکرنے کاحکم جاری کرتے ہوئے واضح کیاہے کہ بروئے قانون نیشنل پارک میں کمرشل سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندو خیل اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل تین رکنی بنچ نے منگل کے روزدی مونال ریسٹورنٹ کو سیل کرنے کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف دائر کی گئی اپیلوں کی سماعت کی تو سی ڈی اے کی جانب سے اس حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی تاہم عدالت نے اسے غیر تسلی بخش قراردیتے ہوئے مسترد کردیا ،چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے پچھلی سماعتوں پر سی ڈی اے اور ری ماؤنٹ ویٹرنری فارم سے نیشنل پارک میں قائم دی مونال ریسٹورنٹ سمیت دیگر تمام ریسٹورنٹس سے متعلق تفصیلات طلب کی تھیں لیکن اس کی جانب سے اس فہرست میں سپورٹس کلب، پاک چائنا سینٹر، آرٹ کونسل، نیشنل مونومنٹ کا نام بھی شامل کردیاگیا ہے ۔