• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام قبول کرنیوالے کورین گلوکار کم داؤد کی فلموں میں مسلمانوں کی منفی نمائندگی پر تنقید

کورین گلوکار و یوٹیوبر کم داؤد ــــ فائل فوٹو
کورین گلوکار و یوٹیوبر کم داؤد ــــ فائل فوٹو

جنوبی کوریا کے اسلام قبول کرنے والے معروف گلوکار و یوٹیوبر کم داؤد نے بھی فلموں میں مسلمانوں کی منفی انداز میں نمائندگی پر تنقید کردی۔

کم داؤد نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے جس کے آغاز میں اُنہیں مسجد میں ساتھی نمازیوں سے بہت خوشگوار انداز میں ہاتھ ملاتے ہوئےجبکہ ویڈیو کے اختتام پر اُنہیں اپنے ایک دوست کے ہمراہ اسلحہ لیے خونخوار انداز میں دیکھا جاسکتا ہے۔

اُنہوں نے اس ویڈیو کے آغاز میں یہ بتایا ہے کہ مسلمان حقیقت میں بہت نرم مزاج اور خوش اخلاق ہوتے ہیں جبکہ ویڈیو کے اختتام میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ فلموں میں حقیقت کے بالکل برعکس مسلمانوں کی منفی نمائندگی کرکے لوگوں کے دلوں میں مسلمانوں اور مذہب اسلام کے خلاف نفرت پیدا کی جا رہی ہے۔

کم داؤد نے اپنی پوسٹ میں فلموں میں مسلمانوں کی منفی نمائندگی کی نشاندہی کرتے ہوئے ’استغفر اللّٰہ‘ بھی لکھا۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کورین گلوکار کی اس ویڈیو بہت پسند کیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کا اس ویڈیو پر ردِعمل میں کہنا ہے کہ زیادہ تر بھارتی فلموں میں مسلمانوں کی منفی نمائندگی کی جاتی  ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید