کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر میں ڈاکوؤں کے خلاف شہریوں کا پارہ ہائی ہو گیا،ایک گھنٹے میں عوام کے تشدد سے دو ڈاکو مارے گئے۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہری بھی جان سے گیا۔تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن مومن آباد پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقعہ غوثیہ چوک کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر ایک شہری جاں بحق دوسرا زخمی ہوگیا،اسی دوران عوام نے ایک ملزم کو پکڑ لیا عوام کے تشدد سے شہریوں پر فائرنگ کرنے والا ایک ملزم بھی موقع پر ہلاک ہوگیا ،زخمی شہری کی شناخت معاویہ عاصف اور مقتول کی گلزار ممتاز علی کے ناموں سے ہوئی، جاں بحق و زخمی شہریوں کو طبی امداد اور قانونی کاروائی کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق بائیومیٹرک تلاش ڈیوائس کی مدد سے ہلاک ملزم کی شناخت کروائی جارہی ہے۔رواں برس ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق شہریوں کی تعداد 76 ہو گئی ہے۔دوسری جانب سرجانی تیسر ٹاؤن سیکٹر اکیاون اے رکشہ اسٹینڈ کے قریب شہریوں کے تشدد سے مبینہ ڈاکو ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ڈاکو کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت کی جا رہی ہے ۔