مرتب: طلعت عمران
اِمسال ’’عیدالاضحی‘‘ اور ’’فادر زڈے‘‘ ساتھ ساتھ آنے کے پیشِ نظر قارئین کو ان اہم مواقع کی مناسبت سے اپنے پیاروں اورمربّی و سرپرست ، والد کے نام ایک ساتھ پیغامات بھیجنے کا سندیسہ دیا گیا، جس کے جواب میں باپ کی محبّت و شفقت، ہمّت وحوصلے ، قربانیوں، مہربانیوں کے اعتراف اور اپنے کچھ خاص الخاص رشتوں کے لیے بقرعید کی مبارک باد پر مبنی لاتعداد پیغامات موصول ہوئے۔ چُوں کہ تمام پیغامات کی ایک ساتھ اشاعت ممکن نہ، تو ہم نے اقساط میں شایع کرنے کا اہتمام کیا۔ لیجیے، آج ملاحظہ فرمائیں، اس سلسلے کی آخری اشاعت۔
(پردیسیوں اور اسیروں کے نام)
میری دِلی دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام پردیسیوں اور قید و بند کی صعوبتیں جھیلنے والے افراد کو جلد از جلد اُن کے پیاروں سے ملائے۔ (نبیل اختر، محلّہ راجا سلطان، راول پنڈی کا پیغام)
(عالمِ اسلام کے لیے )
میری طرف سے پوری اُمتِ مسلمہ کو عید الاضحیٰ بہت بہت مبارک ہو۔ (عامر اقبال خان، گلشنِ اقبال، کراچی)
(بیٹی، داماد اور نواسے کے لیے)
پیاری بیٹی خوش بُو، داماد رحمٰن اور عزیز از جان ننّھے مُنّے نواسے حسنین کو دل کی گہرائیوں سے عیدالاضحی مبارک ہو۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو سدا خوش و خرّم اور آباد رکھے۔ (راشد احمد عبّاسی و بیگم، اورنگی ٹائون، کراچی سے)
(اہلِ خانہ کے نام)
میری طرف سے میرے تمام اہلِ خانہ، میرے مجازی خدا، بیٹی، داماد، نواسے ،بیٹوں، بہوئوں، پوتوں اور پوتیوں کو عید الاضحی کی ڈھیروں مبارک باد۔میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ میرے بچّوں کے والدکا سایہ اُن پر تادیر قائم رکھے کہ وہ اپنے بچّوں کا فخرو غرور ہیں۔ (معصومہ، حیدرآباد کی مبارک باد اور دُعا)
(میرے والد، میرے فخرو غرور کے نام)
میرے خیال میں دُنیا میں والد سے زیادہ امیر اور سخی انسان کوئی نہیں کہ جو اپنی جیب خالی ہونے کے باوجود اولاد کی فرمائشوں کو نہیں ٹُھکراتا۔ اللہ تعالیٰ ہمارے والد کا سایہ ہمارے سَروں پر تادیر قائم رکھے۔ (ضیاء الحق قائم خانی، جھڈو، میر پور خاص سے)
(والد کے نام)
ہمارے والد، بی اے خان شفقت و محبّت کا پیکر تھے ،مگر زندگی نے اُن کے ساتھ وفا نہیں کی۔ ہم ’’فادرز ڈے‘‘ پر انہیں سلامِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور اللہ سے اُن کی مغفرت کے لیے دُعا گو ہیں۔ (زاہد احمد خان، کامران احمد خان، سمیرا خان اور شازمہ خان، مُرشد ٹاؤن، کھنّہ کاک، راو ل پنڈی)
(والد مرحوم کے لیے)
28جولائی 2011ءکی صبح میری ہنستی مسکراتی زندگی میں باپ کی جُدائی کا وہ غم شامل ہوا جس نے میری کمر توڑ کر رکھ دی، لیکن بہن بھائیوں میں بڑا ہونے کے ناتے مَیں نے اپنے اس دُکھ اور تکلیف کو ہمیشہ چُھپائے رکھا۔ میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ میرے والدِ گرامی کو ابدی راحتوں اور انعامات سے نوازے۔ (محمد رفیع کا دعائیہ پیغام)
(اپنے پیاروں کے نام)
تمام پیاروں اور محبّت کے رشتے کو افضل سمجھنے والوں کودل کی گہرائیوں سے عیدالاضحی مبارک ہو۔ (دلدا ر گلزار، راول پنڈی سے)
(والدِ محترم کے نام)
باپ کی صفات بیان کرنا گویا سورج کو چراغ دکھانے کے مترادف ہے۔ باپ جب تک زندہ ہوتا ہے، تو اولاد بہت بے فکری کی زندگی بسر کرتی ہے۔ کسی نے کیا خُوب کہا ہے کہ ’’عیّاشی تو باپ کی دولت پر ہوتی ہے، اپنی کمائی سے تو صرف گزارہ ہوتا ہے۔‘‘ میری دُعا ہے کہ دُنیا کے تمام باپوں کی محبّت، پیار اور خلوص سدا قائم و دائم رہے۔ (بابر سلیم خان ، سلامت پورہ، لاہور)
(حاجی غلام محمد خاں ڈاھا ،المعروف حاجی بابا (چھوٹے دادا) کے لیے)
اگر اللہ نے ماں کے قدموں تلے جنّت رکھی ہے، تو باپ اُس بہشت کا دروازہ ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے والد کی خدمت کرنے کی توفیق نصیب فرمائے۔ (ڈاکٹر محمد حمزہ خان ڈاھا، لاہور سے)
(عزیز از جان ابّو کے لیے)
پیارے ابّو جان! اللہ تعالیٰ آپ کو صحتِ کاملہ و عمرِ خضر اور ہم سب کو آپ کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ (معاذ، عزیز، فیضان، حسن، مصطفیٰ اور امداد، کراچی سے)
(محصورینِ پاکستان کے نام)
عیدِ قرباں ہمیں اُن محصورینِ پاکستان اور اُن کے آبائو اجداد کی قربانیوں کی یاد دلاتی ہے، جو انہوں نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے قیام، تعمیر اور تحفّظ کے لیے دیں اور آج بنگلا دیش کے کیمپوں میں محصور ہیں۔ (محمد لئیق شہرت حسین، عزیز آباد، کراچی کی جانب سے)
(والدِ گرامی کے نام)
والد کی عظمت و بڑائی کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔ اگر ماں کے قدموں تلے جنّت ہے، تو والداُسی جنّت کا دروازہ ہیں۔ میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے والد کا سایہ ہمارے سَروں پر تا دیر قائم رکھے اور انہیں صحت و تن دُرستی سے بھرپور طویل عُمر عطا فرمائے۔ (علیزہ انور، راول پنڈی سے)
(مرحوم والدین کے نام)
میری دلی دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے پیارے والدین کی بخشش فرمائے اور اُن کے صغیرہ و کبیرہ گناہوں کو معاف فرمائے۔ (عبدالجبّارخان بن عبدالعزیز خان، شادمان ٹاؤن، کراچی سے)
(شہدا کے نام)
؎کیوں نہ یاد رکھوں مَیں اُنہیں ہر عید پر…لاکھوں سلام ہوں وطن کے ہر شہید پر…وطن کی آن کو مقدّم جانا، جن معصوموں نے…یہ جبیں جُھکی ہے، اُس ہر دہلیز پر۔ (چوہدری قمر جہاں علی پوری، بہ توسّط عبدالواحد تمباکو ڈیلر،النگ لوہاری گیٹ، ملتان سے)
(اہلِ خانہ کے نام)
پیارے ابّو، نفیس احمد اور تایا ابّو،رئیس سعید احمد کو ’’فادرز ڈے‘‘ اور عیدِ قرباں مبارک ہوں۔ اللہ پاک آپ کا سایہ ہمارے سَروں پر سدا سلامت رکھے۔ (برہان و بیگم، نیلم نفیس، اورنگی ٹاؤن، کراچی کی جانب سے)
(پروفیسر زبیر احمد قریشی ور اُن کی زوجہ محترمہ کے نام)
آپ دونوں کو حجِ بیت اللہ کی سعادت اور بڑی عید کی بڑی خوشیاں مبارک ہوں۔ اللہ تعالیٰ آپ دونوں کا حج قبول فرمائے۔ (آمین) (سلیم، رحیم، کریم اور یاسر، حیدر آباد کی طرف سے)
(دوستوں کے نام)
تمام دوست احباب کو ’’بڑی عید‘‘ کی بڑی خوشیاں مبارک ہوں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو سُنّتِ ابراہیمیؑ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق اور اتحادو اتفاق و یگانگت عطا فرمائے۔ (القاسم اینڈ برادرز، اورنگی ٹاؤن، کراچی سے)
(دوست احبات کے لیے)
اپنے آبائی شہر، جنگ شاہی، ضلع ٹھٹّھہ میں مقیم تمام دوست احباب، خصوصاً الحاج مولانا فضل اللہ، مانو بھائی، سعید بھائی، عبدالستار بھائی، حافظ علی حسن اور غلام مصطفیٰ کو عیدِ قرباں مبارک ہو۔ (حاجی خلیل الرحمٰن اور محمد اسحٰق اینڈ برادرز کراچی سے)
(عالمِ اسلام کے نام)
میری جانب سے پورے عالمِ اسلام کو دل کی گہرائیوں سے عیدالاضحیٰ کی مبارک باد قبول ہو۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو سُنّتِ ابراہیمیؑ کی پیروی کی توفیق اور جذبۂ حب الوطنی نصیب فرمائے۔ (محمد اسحٰق، ولید اور اہلِ خانہ، اورنگی ٹاؤن، کراچی سے)
تمام اہلِ وطن کو عیدِ قرباں مبارک ۔ اور وی لو یو پاپا جانی۔ (ولید، مریم، سہیرہ اور بریرہ، کراچی سے)
(والد مرحوم کے نام)
والد صاحب کے انتقال کے بعد ہماری زندگی ادھوری اور بہت دشوار ہو گئی ہے۔ ابّا جان! آپ ہمیں بہت یاد آتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو جنّت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ (منیر، یوسف ، جہاں گیر ٹاؤن، کراچی)
(ریحان بھائی اور بھابھی کے نام)
ہماری جانب سے ریحان بھائی اور بھابھی کو شادی کے بعد پہلی بڑی عید کی ڈھیروں مبارک باد۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ایسی ہزاروں عیدیں نصیب فرمائے اور آپ دونوں کی جوڑی سلامت رکھے۔ (عدنان، اذان، سلمان، سعد اور ایان، کراچی کی جانب سے)
(اہلِ وطن کے لیے)
تمام اہلِ وطن کو عیدِ قرباں کی ڈھیروں مبارک باد۔ میری درخواست ہے کہ کم از کم تہواروں کے موقعے پرتو دُکھی اور مجبور لوگوں کو ضرور یاد رکھیں۔ (ثنا اختر، محلّہ راجا سلطان، راول پنڈی سے)
(پیارے والد، ڈاکٹر الطاف احمد کے نام)
ہمارے والد صاحب، ڈاکٹر الطاف احمد نے جس محنت اور لگن سے ہماری پرورش کی، اُس کی نظیر نہیں ملتی۔ آج ہم جس مقام پر بھی ہیں، وہ اُن کی تربیت اور والدہ محترمہ کی دُعائوں ہی کا نتیجہ ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے والدین کا سایہ ہمارے سَروں پر تازیست قائم رکھے۔ (آمین) (محمد اقبال اینڈ برادرز، اورنگی ٹاؤن، کراچی)
(والد کے نام)
ہمارے والد 1980ء میں اس دارِ فانی کو خیر باد کہہ گئے۔ وہ تمام بچّوں سے بے حد محبّت کرتے تھے۔ انہوں نے دُنیاوی زندگی کو اُخروی حیات پر کبھی ترجیح نہیں دی، ہمیشہ حصولِ رزقِ حلال کے لیے تگ و دو کی اور رزقِ حلال ہی سے بچّوں کی پرورش کی۔
والدِ مرحوم غربا اور مساکین کی حتی المقدور مدد کرتے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے اُنہیں روحانیت سے بھی سرفراز کیا تھا۔ گرچہ اب وہ ہمارے درمیان موجود نہیں، لیکن اُن کی یادوں کی سوندھی سوندھی خوش بُو پورے گھر کو معطّرکیے ہوئے ہے۔ اللہ تعالیٰ اُن کے درجات بلند کرے اور انہیں جنّت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔(آمین) ( مبارک علی ثاقب ، سیٹلائٹ ٹائون، راول پنڈی کا خراجِ عقیدت)
(والد مرحوم کے لیے)…
ہمارے پیارے والد رواں برس فروری میں ہمیں داغِ مفارقت دے گئے۔ اُن کے بغیر زندگی ادھوری اور ہر تہوار پھیکا لگتا ہے۔ والد مرحوم خاندان کی ہر چھوٹی، بڑی تقریب، بالخصوص شادی بیاہ میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لیتے تھے۔ کبھی دُلہن کے وکیل بنتے، تو کبھی دُلہا کے گواہ۔
اُن کے جہانِ فانی سے رخصت ہونے کے بعد اب یہ ذمّے داری ہمارے کاندھوں پر آگئی ہے۔ میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ میرے والد کو غریقِ رحمت فرمائے اور اُن کے درجات بلند کرے۔ وہ کیا ہے کہ ؎ایک دُھوپ تھی ،جو ساتھ گئی آفتاب کے۔ (محمد اسحٰق قریشی اینڈ برادرز، اورنگی ٹاؤن، کراچی کی جانب سے)
(اساتذہ ٔکرام اور پیارے بابا جان کی خدمت میں)
عید الاضحیٰ کے اس پُر مسرّت موقعے پر مَیں اپنے شہر، جمس آباد کے تمام عظیم اساتذہ کرام، بالخصوص سائیں محمد عارف مغل صاحب کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، جو مجھ سے بے حد محبّت کرتے ہیں۔ میری دُعا ہے کہ اللہ پاک انہیں ایسی ہزاروں عیدیں دیکھنا نصیب فرمائے۔ وہ ہمیشہ ہنستے مسکراتے رہیں اور ہمیں علم کی روشنی سےبہرہ مند کرتے رہیں۔
فادرز ڈے کی مناسبت سے مَیں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ میرے بابا جان ایک انتہائی مہربان اور شفیق باپ ہیں۔ اُن کی دُعائیں ہمیشہ میرے ساتھ رہتی ہیں۔ پاک پرودگار انہیں عمرِ دراز عطافرمائے اور اُن کا ٹھنڈا گھنیرا سایہ ہمارے سَروں پر تا دیر قائم رہے۔(آمین) (اشوک کمار کولھی، گوٹھ جکھراڑی، کوٹ غلام محمد)
(والدِ محترم اور کزنز کے نام)
میرے پیارے والد، محمد ریحان عبّاسی شفقت، خلوص، بے لوث محبّت اور قربانی کا دوسرا نام ہیں۔ ان کا وجود ہمارے لیے ٹھنڈی چھائوں کی مانند ہے۔ وہ ہمارے آرام و راحت کی خاطر خود کو مشقّت میں ڈال لیتے ہیں، لیکن ہم سے کوئی شکوہ، گِلہ نہیں کرتے۔
اللہ تعالیٰ اُن کا سایہ ہمارے سَروں پر تادیر قائم رکھے۔ نیز، میری طرف سے بریرہ راشد، عمل راشد، حورین راشد، علیشہ علی، ماہ نور انجم، ساجدہ خالہ، سجل منیر، ایمن ریاست، علینہ خان، مدیحہ عبّاسی، گلِ رعنا، ایمن ریاست اور عافیہ اشفاق کو دل کی گہرائیوں سے عید الاضحیٰ مبارک ہو۔ (نویش ریحان عبّاسی، پھگواڑی، مری کی جانب سے)
(شفیق باپ کو خراجِ عقیدت)
حق و صداقت کے عَلم بردار، خداداد صلاحیتوں کے مالک اور صلۂ رحمی کرنے والے ہمارے نہایت شفیق والد 24اپریل 2024ء کو اس دارِ فانی سے کُوچ کر گئے۔ وہ اولاد کے سُکھ چین کے لیے زندگی کے ہر پیچ و خم سے نبرد آزما رہے۔ آج ہم جن خوبیوں سے متّصف ہیں، اُن میں ان کی شب و روز کی محنت ہی کارفر ہے۔ اُن کی فکر افروز زندگی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔
یوں تو ہم انہیں کبھی نہیں بھلا سکتے، مگر عیدین پر یہ کمی بڑی شدّت سے محسوس ہوتی ہے۔ میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اُن کی تمام بشری کوتاہیاں معاف فرمائے اور اُنہیں جنّت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ (آمین) (عثمان علی، فرقان علی، عائشہ، مریم، ماریہ اور نواسےنواسیاں، ٹبّہ سلطان پور، ضلع وہاڑی سے)