پشاور ( جنگ نیوز)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی سے اسلام آباد میں ملاقات کی، رکن صوبائی اسمبلی احمد کنڈی بھی ملاقات میں موجود تھے. ملاقات میں گورنر خیبر پختونخوا نے چشمہ لفٹ کینال کے لئے 19 ارب روپے مختص کرنے پر وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں ٹانک زام اور درابن زام منصوبوں پر بھی بات کی گئی، چیئرمین واپڈا نے ان منصوبوں کے حوالہ سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، چیئرمین واپڈا نے گورنر خیبر پختونخوا کو یقین دلایا کہ چشمہ لفٹ کینال پر جلد ہی کام شروع کردیا جائے گا یہ منصوبہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے، اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ چشمہ لفٹ کینال ہمارا دیرینہ مطالبہ تھا ۔ ہمارے صوبہ کے حق کا پانی اس نہری منصوبہ کے نہ ہونے کی وجہ سے ضائع ہورہا تھا، اس منصوبے سے ڈیرہ اسماعیل خان کا وسیع قابل کاشت رقبہ آباد ہوگا جس سے اس خطہ میں زرعی انقلاب آئے گا، انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ سے صرف خیبر پختونخوا ہی اجناس میں خود کفیل نہیں ہوگا بلکہ ہم ملک کی اجناس کی بڑی ضرورت اس منصوبے کی تکمیل سے پورا کرینگے.دریں اثناء گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعہ کے روز ہیلتھ سروسز اکیڈیمی اسلام آباد کا دورہ کیا. اکیڈیمی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد علی خان کی سربراہی میں ادارہ کے اعلی افسران نے ان کا استقبال کیا۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نیشنل ہیلتھ سروسز اکیڈیمی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد علی خان کو گورنر ہاؤس پشاور دورہ کی دعوت بھی دی۔