• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقدمات کی ضمنیاں خود نہ لکھنے والے تفتیشی افسروں کیخلاف مقدمات کا حکم

راولپنڈی (وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر)مقدمات کی ضمنیاں اور رپورٹس کسی اور سے لکھوانے والے تفتیشی افسروں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا حکم دے دیاگیا۔سٹی پولیس افسر راولپنڈی نے ایس پی سی آئی اے ،ڈی ایس پی لیگل ون ،ڈی ایس پی انوسٹی گیشن 1،3،4اور تمام سرکلروں کے انوسٹی گیشن انسپکٹروں پرمشتمل ٹیم تشکیل دے دی جو پولیس سٹیشنوں اور چوکیوں میں جاکر چیکنگ کرے گی ۔سی پی او کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامے میں کہاگیا ہے کہ ضلع کے تھانوں اور چوکیوں میں تعینات تفتیشی افسروں نے زیر تفتیش مقدمات کی ضمنیاں اور رپورٹس زیر دفعہ 173ضابطہ فوجداری کی ترتیب تکمیل کے لئے اپنے پاس رائٹر رکھے ہوئے ہیں اور وہ خود ضمنیاں تحریر نہیں کرتے ہیں ،جس کی وجہ سے تفتیشی افسروں کو اپنے ہی مقدمہ کے متعلق آگاہی نہیں ہوتی ہے ۔ اس حوالے سے ٹیم تشکیل دی گئی ہے جسکو سختی سے ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ہر تھانہ اور چوکی میں جاکر خفیہ پڑتال کرے اگر کوئی رائٹر وہاں کسی تفتیشی افسر کی ضمنی تحریر کرتے ہوئے پایاجائے تومتعلقہ ایس ایچ او اور تفتیشی افسر کے خلاف زیر دفعہ 155سی پولیس آرڈر 2002کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ذرائع کاکہنا ہے تفتیشی افسروں کی بڑی تعدادخود ضمنی تحریر نہیں کرسکتی جس کی وجہ سے وہ معاوضہ دے کر دیگر ملازمین سے ضمنیاں لکھواتے ہیں ۔
اسلام آباد سے مزید