کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہےکہ سندھ اسمارٹ سرویلینس سسٹم (S-4) ایک بہت ہی اہم منصوبہ ہے، ہمیں اُن روٹس پر بھی کیمرے نصب کرنے ہوں گے جو جرائم سے وابستہ افراد اختیار کرتے ہیں، سندھ کے 40 ٹول پلازوں پر جدید کیمرے نصب کیے گئے ہیں،80ہزار مجرموں کی گرفتاری میں مدد ملے گی ، مجرموں کے فرار کے روٹس پر کیمرے لگیں گے ، جوچہرے اور آٹومیٹڈ نمبر پلیٹ کی شناخت کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں ،گزشتہ 5 ماہ کےدوران کراچی میں 62 لوگ مارے گئے اورٹوتھرڈ 3/2 قاتل گرفتار کیے گئے لیکن وہ خبر نہیں بنی، سندھ پولیس اہلکاروں کی فلاح وبہبود کےلیے حکومت سندھ نے محکمہ پولیس میں 5ارب روپے کی ہیلتھ انشورنس پالیسی متعارف کرا دی ہے، جس سے سندھ پولیس کے 1,27,482ملازمین اور ان کے اہلخانہ اپنی صحت کی ضروریات کے مطابق نجی اسپتالوں سے 10لاکھ روپے تک کا علاج کرواسکیں گے۔یہ بات انہوں نے سی پی او کراچی میں S-4 اور پولیس ہیلتھ انشورنس اسکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار اور آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کو بنا کسی رکاوٹ کے یقینی بنائیں گے۔ایس4 ایک بہترین منصوبہ ہے، جس سے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کی نگرانی کی جائے گی اور یہ جرائم کے خاتمے میں معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سی سی سی، سی اے دی اورسینٹرل ڈیٹا سینٹر سے منسلک مواصلت کی منظوری پانچ سال تک یقینی بنائی جائے۔ موثر کارروائی کے لیے لائیو اسٹریمنگ لازمی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے NRTC کے ساتھ کیمرہ سسٹم کی خریداری کیلئے 1.567 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی ۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے 40 ٹول پلازوں پر جدید کیمروں کی تنصیب کی گئی ہے، ان میں سے 18 ٹول پلازہ کراچی میں ہیں ۔