اسلام آباد (نمائندہ جنگ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شہداء کی عظیم قربانیوں پر انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے ملک کے تحفظ کیلئے ہمیشہ بے مثال قربانیاں دی ہیں ، ہارون ولیم نے وطن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ ملک کی ترقی کیلئے مسیحی برادری کی خدمات اور قربانیاں قابل تعریف ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹ ہالز چرچ میں پاک فوج کے شہید سپاہی ہارون ولیم کی آخری رسومات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاسٹر سیموئیل نے بڑی مدلل اور دلوں کو گرما دینے والی گفتگو کی اور بعض دلخراش واقعات کو لطیف پیرائے میں پیش کیا۔ آرمی، نیوی، ایئرفورس میں مسیحی بھائیوں نے اپنے خون سے تاریخ رقم کی، میں خود مشنری سکول سے پڑھا ہوں اور اپنے اساتذہ کاشکرگزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہارون ولیم کے اہل خانہ کے غم میں دل سے شریک ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سپاہی ہارون ولیم کی آخری رسومات میں بھی شرکت کی ،اسلام آباد کے رہائشی 29 سالہ سپاہی ہارون ولیم کی آخری رسومات ہفتہ کو سینٹ پال چرچ راولپنڈی میں ادا کی گئیں، مسیحی سپاہی ولیم نے گزشتہ روز ضلع کرم میں انسداد دہشت گردی آپریشنز میں ڈیوٹی کے دوران جام شہادت نوش کیا۔ تقریب میں وزیر اعظم ، وزیر دفاع، وزیر داخلہ، وزیر اطلاعات و نشریات، چیف آف آرمی سٹاف، اعلیٰ سول و فوجی افسران، فوجیوں، شہریوں اور شہید کے لواحقین نے شرکت کی۔