راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے)ہائی کورٹ بار راولپنڈی کے زیر اہتمام اٹک کچہری میں قتل ہونے والے سابق صدر اٹک بار ملک اسرار اور ذوالفقار شاہ ایڈووکیٹس کی یاد میں ہونے والے تعزیتی ریفرنس میں ملک اسرار کی بیٹی آئزہ اسرار ، بھائی ملک اقبال،ذوالفقار شاہ کے لواحقین اور دوستوں کی باتوں نے ہال میں موجود ہر آنکھ کو اشکبار کردیا۔تعزیتی ریفرنس میں ڈویژن بھر کے وکلاء نے شرکت کی۔آئزہ اسرار نے کہا کہ ہمیں انصاف چاہیے۔جب اس نے کہا کہ اب ان کی آواز نہیں سن سکوں گی۔ان کیلئے دروازہ کھولنے کیلئے نہیں جاسکوں گی تو تمام شرکاء کی آنکھیں بھیگ گئیں۔احسن بھون،حسن رضا پاشا،شیخ احسن الدین،ملک جواد خالد اور شبیر مرزا ،اٹک بار کی صدر رضوانہ عزیز،ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کے صدر انتظار مہدی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اٹک کچہری واقعہ کی کسی سیاسی جماعت نے مذمت تک نہیں کی۔سیاسی جماعتوں کی خاموشی المیہ ہے۔ مقتولین کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔