پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان نے مون سون میں زیادہ بارشوں کے امکان کے پیشِ نظر ہنگامی منصوبہ جاری کر دیا۔
محکمۂ موسمیات نے بلوچستان میں رواں سال مون سون کی بارشیں جولائی کے پہلے ہفتے میں ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس سال مون سون کی زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
اس حوالے سے پی ڈی ایم اے حکّام کا کہنا ہے کہ لسبیلہ، نصیر آباد، مکران ڈویژن میں مون سون بارشوں سے نقصانات کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے حکّام نے ان اضلاع میں 800 خاندانوں کے لیے امدادی سامان ضلعی انتظامیہ کے حوالے کر دیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن سمیت متعلقہ حکّام کو الرٹ رہنے، نالوں سے تجاوزات ہٹانے اور صفائی کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت بھی کی ہے۔