اسلام آباد(اے پی پی، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے آپریشن عزم استحکام کے حوالے سے وفاقی کابینہ کو اعتماد میں لیا، وزیر اعظم نے چینی کے نرخوں پر نظر رکھنے کیلئے کمیٹی قائم کرنیکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مہنگی ہوئی تو برآمد روک دینگے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ نے نیشنل ایکشن پلان کے اپیکس کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی، کابینہ نے چینی کا اضافی ذخیرہ برآمد کرنے اور وزارت تجارت کی سفارش اور اقوام متحدہ کے عالمی غذائی پروگرام افغانستان کی استدعا پر ٹرکوں کے پرزوں پر مشتمل ایک کنٹینر کی کراچی سے کابل ٹرانزٹ اجازت دیدی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کابینہ اجلاس میں کہا کہ آپریشن عزم استحکام پر ابہام یا قیاس آرائیاں ہورہی ہیں لیکن واضح کردوں یہ آپریشن دیگر آپریشنز کی طرح نہیں ہے یہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہوگا جس میں کسی کو کہیں منتقل نہیں کیا جائیگا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ نیشنل ایکشن پلان کا تسلسل ہے اور اسی کو آگے لے کر چلنا ہے، عزم استحکام آپریشن میں عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑیگا، نہ ہی لوگوں کے گھروں میں کوئی اس طرح کی کارروائی کی جائیگی ، صرف شرپسند عناصر کیخلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی جائیگی۔ وزیراعظم نے پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے اور اس میں شفافیت کے عنصر کو کلیدی اہمیت دینے کی ہدایت کی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی ڈویژن کی سفارش پر وزارت مذہبی امور، حکومت پاکستان اور وزارت اسلامی امور، دعوت و رہنمائی سعودی عرب کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دے دی۔