اسلام آباد(ایجنسیاں)عدت نکاح کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اپیلیں مسترد ‘سزابرقرار‘بانی پی ٹی آئی بدستور جیل میں رہیں گے ۔
ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنادیا۔بعد ازاں 10 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیاگیا ۔
تحریری فیصلے کے مطابق دونوں ملزمان کے پاس سزا معطلی کا کوئی جواز موجود نہیں‘دونوں ملزمان کو دی گئی سزا نہ تو قلیل مدتی ہے، نہ ہی وہ سزا کا زیادہ حصہ کاٹ چکے ہیں‘بشریٰ بی بی کا خاتون ہونا سزا معطلی اور ضمانت پر رہائی کا جواز نہیں‘ عمران خان، بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں۔
فیصلے میں بتایاگیا ہے کہ سزا معطلی یا ضمانت پر رہائی کی درخواستوں پر سماعت کے دوران مقدمے کے میرٹس پر بات نہیں کی جا سکتی۔فیصلے میں عدالت کا پاکستان کریمنل لا جرنل میں موجود محمد ریاض بنام سرکار کیس کا حوالہ دیا گیا ہے۔
اس کے مطابق محمد ریاض بنام سرکار کیس کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ضمانت انڈر ٹرائل ملزم کا حق ہے، سزا یافتہ کا نہیں۔اب کیس میں سزاکےخلاف مرکزی اپیلوں پر سماعت 2 جولائی کو ہو گی۔
یاد رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو عدت میں نکاح سے متعلق کیس میں رواں سال 3 فروری کو عام انتخابات سے 4 روز قبل 7، 7 برس قید کی سزا ہوئی تھی جسے انہوں نے چیلنج کیا تھا۔