کراچی (بابر علی اعوان /اسٹاف رپورٹر) محکمہ صحت سندھ نےگزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کراچی میں ہیٹ ویو سے5 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے تاہم محکمہ نے جناح اسپتال میں جمعرات کی شام ہیٹ ویو سے ہونے والی تین ہلاکتوں کو اپنے اعداد و شمار میں شامل نہیں کیا۔ ان 8 ہلاکتوں کے بعد کراچی میں ہیٹ ویو سے ہلاکتوں کی تعداد 20 ہوگئی ہے ۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کراچی میں249 افرادہیٹ ویو سے متاثر ہوئے۔
محکمہ صحت کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران سول اسپتال کراچی میں بلدیہ ٹاؤن کی رہائشی 25 سالہ ساجدہ، بلدیہ ٹاؤن کے 28 سالہ لیاقت، بلدیہ ٹاؤن کے 38 سالہ الیاس، جناح اسپتال کراچی میں 50 سالہ نامعلوم اور سندھ گورنمنٹ قطر اسپتال کراچی میں بلال کالونی کے 40 سالہ فرقان علی دوران علاج انتقال کرگئے ۔
محکمہ صحت کی جانب سے اپنے اعداد وشمار میں جناح اسپتال کی تین ہلاکتیں شامل نہیں کی گئیں ۔
جنگ کو حاصل تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شامل اولڈ مظفر آباد کے رہائشی 45 سالہ شفیق اقبال، ملیر کے رہائشی 78 سالہ الیاس چمن اور 60 سالہ نامعلوم ہیٹ ویو سے جناح اسپتال میں انتقال کر گئے۔
محکمہ صحت سندھ کے اعداد وشمار کے مطابق گرمی سے سول اسپتال کراچی میں 24 جون کو آٹھ، 26 جون کو چھ اور 27 جون کو ایک شخص انتقال کر گیا۔
جناح اسپتال کراچی میں26 جون کو ہیٹ ویو سے ایک جبکہ قطر اسپتال کراچی میں 26 جون کو ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی، ہلاک ہونے والے افراد کو مختلف بیماریاں بھی لاحق تھیں۔ گرمی سے انتقال کرنےو الوں میں لیاری کے 70سالہ اللہ دتہ، لانڈھی کے 70سالہ طاہر علی، جمشید روڈ کے 60سالہ متین، لانڈھی کی 60سالہ سعیدہ، جیل روڈ کی 18 سالہ شہنیل ، لانڈھی کے 45 سالہ حسن، جیل روڈ کے 19سالہ منصور احمد، نارتھ کراچی کے 54سالہ عرفان، بلدیہ ٹاؤن کے 28سالہ لیاقت، بلدیہ ٹاؤن کے 38سالہ الیاس ، بلدیہ ٹاؤن کی رہائشی 25سالہ ساجدہ ، بلا ل کالونی کے 40سالہ فرقان علی، اولڈ مظفر آباد کے رہائشی 45سالہ شفیق اقبال ، ملیر کے رہائشی 78 سالہ الیاس چمن اورچھ نامعلوم شامل ہیں ۔
محکمہ صحت کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کراچی میں249 افرادہیٹ ویو سے متاثر ہوئے، جناح اسپتال میں31 افراد ،سول اسپتال کراچی میں 13، لیاری جنرل اسپتال میں 27، نیو کراچی اسپتال میں68، قطر اسپتال میں29، لیاقت آباداسپتال میں 30، سندھ گورنمنٹ اسپتال سعود آباد میں17 افراد کو لایا گیا۔
نجی اسپتالوں میں آغا خان اسپتال میں 3 اور لیاقت نیشنل اسپتال میں بھی 3افراد کو لایا گیا جنہیں طبی امداد دی گئی ۔ سرکاری اسپتالوں میں ہیٹ ویو کے 83مریض داخل ہیں ۔