کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں جاری شدید گرمی اور حبس کا زور جمعرات کو اس وقت ٹوٹ گیا جب جمعرات چار بجے شہر کو اچانک گہرے بادلوں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش بھی شروع ہوگئی۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی کے کچھ علاقوں میں اچھی بارش ہوسکتی ہے جبکہ دو سے تین دن شام کے وقت ہلکی اور معتدل بارش ہو سکتی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ تھرپارکر، عمرکوٹ میں بھی بارش ہوئی ہے۔ بارش برسانے والے بادل گلشنِ معمار اور مضافات میں داخل ہونے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بارش جاری ہے۔
ملیر، گڈاپ، سپرہائی وے، گلشنِ معمار، گلستانِ جوہر، گلشن اقبال،سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، آئی آئی چندریگر روڈ، گارڈن سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔ سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں22 ملی میٹرریکارڈ ، نارتھ کراچی میں14، گلشن حدیدمیں10 ملی میٹر بارش ہوئی، ملیرہالٹ میں4.4 ، کورنگی میں2.5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،ناظم آبادمیں1.4 اور ایئرپورٹ پر 0.3 ملی میٹر بارش ہوئی-
بارش شروع ہوتے ہی کے الیکٹرک کے مختلف علاقوں میں 300سے زائد فیڈرزٹرپ کرگئے بجلی کی فراہمی بند ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا رات گئےتک جاری رہنے والی بوندا باندی کے باعث بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی معمول پر نہ آسکی تھی اور لوگ پریشان تھے۔