کراچی(اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی حکمرانی کیلئے ہفتے کو بارباڈوس میں میدان سجے گا۔ ایک بار کی چیمپئن بھارت اور پہلی بار فائنل کھیلنے والی جنوبی افریقا مدمقابل ہونگی۔ دونوں ٹیمیں میگا ایونٹ میں ناقابل شکست رہی ہیں۔دونوں ٹیموں کے کپتان کامیابی کیلئے پرعزم ہیں۔ فائنل کے دل چسپ ہونے کا امکان ہے۔ لیکن بارش بھی مداخلت کیلئے تیار ہے۔ بھارت نے تیسری مرتبہ فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔ بھارت 2007کے پہلے ورلڈ کپ کا فاتح بنا تھا ۔ ہفتے اور اتوار کو بارباڈوس میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ہفتے کو علی الصبح سے شام 6 بجے تک بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ فائنل کیلئے اتوار کو ریزرو ڈے رکھا گیا ہے تاہم اتوار کو صبح 11 سے شام 5 بجے کے درمیان بھی بارش متوقع ہے۔