کراچی (بابر علی اعوان /اسٹاف رپورٹر) کراچی میں ہیٹ ویو سےمزید 6افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد شہر میں ہیٹ ویو سے ہونے والے ہلاکتوں کی تعداد 26ہوگئی ہے ۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہیٹ ویوسے متاثرہ 209افراد کو مختلف اسپتالوں میں لایا گیا جنہیں طبی امداد دے کر گھروں کو روانہ کر دیا گیا۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران ہیٹ ویو سے عباسی شہید اسپتال میں ناظم آباد کے رہائشی 65سالہ رئیس عالم، گولیمارچورنگی کے رہائشی 72سالہ احمد فاروقی، اورنگی ٹاؤن کے 60 سالہ ذوالفقار احمد، لیاقت آباد کی رہائشی 78سالہ اصغری بیگم، اورنگی ٹاؤن کی رہائشی 60سالہ رحیمہ اور سول اسپتال کراچی میں میرپور کی رہائشی 45سالہ مریم انتقال کر گئیں ۔ محکمہ صحت سندھ کے اعداد وشمار کے مطابق گرمی سے سول اسپتال کراچی میں 24جون کو 8،26 جون کو6اور 27جون2ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں ۔جناح اسپتال کراچی میں26جون کو ہیٹ ویو سے ایک اور 27جون کو 3ہلاکتیں ہوئیں ۔عباسی شہید اسپتال میں 27جون کو 5ہلاکتیں جبکہ قطر اسپتال کراچی میں 26جون کو ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی، ہلاک ہونے والے افراد مختلف بیماریاں میں مبتلا بھی تھے۔ گرمی سے انتقال کرنےو الوں میں لیاری کے 70سالہ اللہ دتہ، لانڈھی کے 70سالہ طاہر علی، جمشید روڈ کے 60سالہ متین، لانڈھی کی 60سالہ سعیدہ، جیل روڈ کی 18 سالہ شہنیل ، لانڈھی کے 45 سالہ حسن، جیل روڈ کے 19سالہ منصور احمد، نارتھ کراچی کے 54سالہ عرفان، بلدیہ ٹاؤن کے 28سالہ لیاقت، بلدیہ ٹاؤن کے 38سالہ الیاس ، بلدیہ ٹاؤن کی رہائشی 25سالہ ساجدہ ، بلا ل کالونی کے 40سالہ فرقان علی، اولڈ مظفر آباد کے رہائشی 45سالہ شفیق اقبال ، ملیر کے رہائشی 78 سالہ الیاس چمن ،کورنگی کے رہائشی 32 سالہ عبدالقادر، ناظم آباد کے رہائشی 65سالہ رئیس عالم، گولیمارچورنگی کے رہائشی 72سالہ احمد فاروقی، اورنگی ٹاؤن کے 60سالہ ذوالفقار احمد، اورنگی ٹاؤن کی رہائشی 78سالہ اصغری بیگم ،اورنگی ٹاؤن کی رہائشی 60سالہ رحیمہ ،میرپور کی رہائشی 45سالہ مریم اور پانچ نامعلوم شامل ہیں ۔محکمہ صحت کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کراچی میں 209 افرادہیٹ ویو سے متاثر ہوئے ، جناح اسپتال میں26افراد ،سول اسپتال کراچی میں16، سروسز اسپتال کراچی میں 2، کورنگی جنرل اسپتال میں 15،لیاقت آباد جنرل اسپتال میں 4،نیو کراچی اسپتال میں75،عباسی شہید اسپتال میں 26، قطر اسپتال میں25،لیاقت نیشنل اسپتال میں 3، آغا خان یونیورسٹی اسپتال میں 4اور بیسک ہیلتھ یونٹ دنبہ گوٹھ میں 10افراد کو لایا گیا جنہیں طبی امداد دی گئی ۔