کراچی(اسٹاف رپورٹر)جنوبی افریقا نے بھارتی کرکٹ ٹیم کو شکست دینے اور تاریخ رقم کرنے کا موقع گنوادیا، بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو سات رنز سے شکست دے دی ۔ کلاسن کی محنت رائیگاں گئی اور چوکرز کا ٹیگ مٹانے میں ناکام رہی جیتا ہوا میچ ہار گئے۔جنوبی افریقا نے 8وکٹ پر 169رنز بنائے۔بھارت نے18 سال بعد ٹی ٹوئینٹی ورلڈکپ جیت لیا۔ ٹورنامنٹ میں 8 لگاتار میچ جیتنے والی بھارتی ٹیم کو ہرانے کا جنوبی افریقا کا ورلڈکپ جیتنے کا خواب چکنا چور ہوگیا۔ چوکرز پھر چوک کر گئے۔جنوبی افریقی بیٹرز کے لاٹھی چارج کے باوجود بھارت نے اپنی بولنگ اور فیلڈنگ سے بازی پلٹ دی۔فاتح ٹیم کو2.45ملین ڈالرز اور رنرز اپ کو 1.28ملین ڈالرز کی انعامی رقم ملی۔بھارت نے دوسری بار ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ جیتا۔ جنوبی افریقا کی اننگز میں ہینرک کلاسن کے 52 رنز کی اننگز ضائع گئی۔انہوں نے 27 گیندوں کا سامنا کیا۔کوئنٹن ڈک کوک نے39 اور ٹریسٹن ٹبس نے 31 رنز بنائے۔بھارت کی جانب سے ہاردیک پانڈیا نے تین اورجسپرت بھمرا نے دووکٹ حاصل کئے۔.قبل ازیں جنوبی افریقا کی اننگز میں بھی دو وکٹ 12رنز پر گر گئے۔ریزا ہینڈرکس اور مارکرم چارچار رنز بناسکے۔ہفتے کوبارباڈوس میں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 23 رنز پر ٹیم کی دو وکٹیں گر گئیں۔مہاراج نے ایک اوور میں دو وکٹ حاصل کرکے سنسنی پھیلا دی۔روہت شرما 9 اور ریشبھ پنت بغیر کوئی رن بنائے کیشو مہاراج کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے سوریا کمار یادیو 3 رنز بنا کر کگیسو ربادا کا شکار بنے۔ویرات کوہلی اور اکشر پٹیل کے درمیان 72 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی جس کے بعد اکشر پٹیل 47 قیمتی رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔