اسلام آباد ( آن لائن ) پاکستان میں قائم ایرانی سفارتخانے نے اربعین کے زائرین سے کہا ہے کہ وہ پہلے عراقی ویزے کیلئے درخواست دیں اور اس کے بعد ایرانی مشنوں سے رابطہ کیا جائے اور تمام قافلے بسوں پر ہی ایران اور عراق کا سفر کریں۔محرم الحرام اور صفر المظفر مین عزاداری کے مقدس دنوں کے موقع پرپاکستان مین ایرانی سفارتخانے سے جاری پریس ریلیز کے مطابق حضرت امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کے مقدس دن قریب آرہے ہیں اور لوگ مشہد اور عراق مین مقامات مقدسہ کی زیارت کے لیے تیاری کررہے ہیں۔ اقدامات کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گذشتہ سالوں کی طرح، صوبہ سیستان و بلوچستان میں واقع ایرانی زیارت اربعین کا مرکزی ادارہ، ایران اور پاکستان کی مشترکہ سرحدوں پر زائرین کا استقبال کرنے کے لیے ضروری سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ جو افراد ماہ محرم کے پہلے عشرے ( 27 جون سے 8 جولائی 2024 ء ) میں مقامات مقدسہ کی زیارت کے خواہشمند ہیں، وہ دوطرفہ ویزے کے ساتھ ایران کے راستے عراق کا سفر کر سکتے ہیں۔ جو افراد 9 جولائی سے 22 اگست 2024 ء تک اربعین میں شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں، وہ عراقی ویزے کے ساتھ ایرانی دوطرفہ ویزے کے ذریعے ایران کے راستے عراق کا سفر کر سکتے ہیں۔ دوست اور برادر ملک عراق کی حکومت کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوے، جو زائرین کی بڑی تعداد کی مشترکہ سرحدوں پر بھیڑ کا باعث بن سکتی ہے، ایرانی زیارت اربعین کا مرکزی ادارہ پاکستانی زائرین سے درخواست کرتا ہے کہ وہ پہلے عراقی ویزے کے لیے درخواست دیں اور پھر اسلام آباد، پشاور، لاہور، کراچی اور کوئٹہ میں موجود پانچ ایرانی مشنوں میں سے کسی سے ایرانی ویزے کے لیے درخواست دیں۔کہا گیا ہے کہ ویزے کے خواہشمند افراد ضوابط کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے پاکستان میں موجود پانچ مشنوں مین سے کسی میں بھی ایرانی ویزے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں اور اسے حاصل کر سکتے ہیں۔ تمام قافلہ سالار حضرات سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ زائرین کی مزید سہولت کے لیے قافلے کو بسوں کے ذریعے پاکستان سے ایران اور عراق تک لے جائیں۔ ایرانی زیارت اربعین کا مرکزی ادارہ ایران سے عراقی سرحد تک جانے والے زائرین کی بسوں کی راہداری کے لیے ضروری سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔