کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشاور سے براستہ لاہور کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کوئٹہ کے قریب حادثہ سے دو چار ہو گئی ٹرین کی 6بوگیاں پٹری سے اتر کر زمین میں دھنس گئیں مسافر محفوظ رہے ریلوے حکام نے امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں۔ذرائع کے مطابق اتوار کے روز پشاور سے براستہ لاہور کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس 5بجکر 50منٹ پر جب کوئٹہ ریلوے اسٹیشن سے کچھ ہی فاصلے پر دکانی بابا مزار کے قریب تھی کہ اچانک ٹرین کی 6کوچز پٹری سے اتر گئیں اور دو کوچز کے ویل زمین میں دھنس گئے تاہم ڈی ریلمنٹ کے دوران کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا حادثہ کے وقت مسافر اپنا سامان سمیٹنے میں مصروف تھے جن میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ہر طرف چیخ وپکار مچ گئی۔ اطلاع ملنے پر کوئٹہ ڈویژن کی انتظامیہ فوری حرکت میں آگئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں، ڈی ایس کوئٹہ یوسف لغاری کے مطابق حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں جن کی میں خود نگرانی کر رہا ہوں صبح تک ٹریک سے کسی ٹرین نے نہیں گزرنا انشاء اللہ رات گئے تک ٹریک کو کلیئر کر دیا جائےگا۔ ترجمان ریلوے کے مطابق چونکہ صبح تک اس ٹریک پہ کوئی اور گاڑی نہیں آنی، اس لی کوئٹہ سے اندرون ملک ٹرین آپریشن متاثر نہیں ہو گا ۔