اسلام آباد (ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کی الیکشن کمیشن کی حمایت سے کوئی فرق نہیں پڑتا، آئین کا تقاضا ہے کہ جس پارٹی کو ووٹ ملے ہیں اسی کو مخصوص نشستیں ملنی چاہئیں، جے یو آئی سے انتخابی دھاندلی روکنے اور آزاد عدلیہ سے متعلق دو نکاتی ایجنڈے پر بات ہو رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو اور ایک بیان میں کیا۔ بیرسٹر گوہرخان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے مخصوص نشستوں سے متعلق دونوں فارمولے طلب کرلیے ہیں۔