لاہور ، اسلام آباد (جنگ نیوز) وکلاء تنظیموں نے جسٹس عالیہ نیلم کی بطور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاتون جج کا بطور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تعیناتی اعزاز کی بات ہے، امید ہے کہ چیف جسٹس عالیہ نیلم انصاف کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔ پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین ریاضت علی سحر نے جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کا خیر مقدم کیا ہے۔ ان سفارشات جس میں قائمقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ ،جسٹس محمد شفیع صدیقی اورلاہور ہائیکورٹ کی جج جسٹس عالیہ نیلم کی اپنے اپنےہائیکورٹس کے چیف جسٹس کے طور پر نامزدگیاں شامل ہیں ۔ انہوں نے دونوں ججز کی چیف جسٹس کے طور پر نامزدگیوں پر انہیں مبارکباد بھی پیش کی ہے۔ پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین بشیر مغل اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل پیر عمران اکرام بودلہ نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وہ وکلاء برادری کی جانب سے محترمہ جسٹس عالیہ نیلم کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تعیناتی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امیدکرتے ہیں کہ بطور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ بار اور بینچ کے درمیان تعلقات کو بہتری کی جانب لے جائیں گی اور انصاف کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔