• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران بھوک ہڑتال کرنے میں کافی سنجیدہ ہیں، انتظار پنجوتھہ

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما انتظار حسین پنجوتھہ نے کہا ہے کہ عمران خان بھوک ہڑتال کرنے میں کافی سنجیدہ ہیں، عمران خان نے کبھی بات چیت سے انکار نہیں کیا ،وہ کہتے ہیں فارم 47کی حکومت سے کیا مذاکرات کریں،وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان میں بجلی کے نرخ خطے کے مقابلہ میں بہت زیادہ ہیں، سوشل میڈیا پر ناامیدی پھیلانے کیلئے پراپیگنڈے کو کاؤنٹر کررہے ہیں، 100یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کیلئے نرخوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا،ایک ڈیڑھ سال میں ڈسکوز کی نجکاری کیلئے بڈنگ کرواسکیں گے، اگلے تین سال میں کوئی ڈسٹری بیوشن ایسی نہیں ہوگی جو حکومت کے کنٹرول میں ہوگی ۔پی ٹی آئی کے رہنما انتظار حسین پنجوتھہ نے کہا کہ عمران خان نے جیل میں اپنے ساتھ سلوک پر کھل کر بات کی ہے، عمران خان نے ان کے نام لیے ہیں جن کے کہنے پر ان کی ملاقاتیں منسوخ کی جاتی ہیں، عمران خان نے اپنے اور عدلیہ کے خلاف مداخلت جاری رہنے کی صورت میں بھوک ہڑتال کرنے کا عندیہ دیا ہے، عمران خان بھوک ہڑتال کرنے میں کافی سنجیدہ ہیں، عمران خان نے میڈیا کے ذریعہ پارٹی رہنماؤں کی رائے لینے کیلئے پیغام بھیجا ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ جیل میں جو سہولتیں نواز شریف اور زرداری کو ملی تھیں مجھے نہیں ملیں۔ انتظار حسین پنجوتھہ کا کہنا تھا کہ رجیم چینج کے بعد دوسری طرف سے یہی بات آئی کہ وہ مذاکرات نہیں کرنا چاہتے، انہوں نے وقت لینے کیلئے انگیج کیا ہے مگر معنی خیز مذاکرات ابھی تک نہیں ہوئے، عمران خان نے اس سخت ترین ماحول کے باوجود وقت کے یزید کے سامنے جھکنے سے انکار کرچکے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید