بریڈفورڈ(عبیدمغل) شمالی انگلینڈ کے شہر بریڈفورڈ سے دونوں پاکستان نژاد ممبران پارلیمنٹ اپنی سیٹیں بچانے میں کامیاب ہوگئے تاہم لیبر کی ناز شاہ کو آزاد امیدوارمحمد علی اسلام سے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا تفصیلات کے مطابق غزہ جنگ بندی کے حق میں پارٹی سے اختلاف کرنے والے اور لیبر پارٹی کے فرنٹ بینچ یعنی شیڈو وزارت سے مستعفی ہونے والے عمران حسین بریڈفورڈ ایسٹ سے ایک بار پھر لیبر کےٹکٹ پر بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوگئے۔انہوں نے اپنے مد مقابل آزاد امیدوار کو 6189ووٹ کی اکثریت سے شکست دی۔ عمران حسین نے کل14ہزار98ووٹ حاصل کئے جو کل ووٹوں کا 38فیصد ووٹ ہے۔ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار کونسلر طلعت سجاول 7909 ووٹ ملے جو کہ کل ووٹوں کا 21فیصدہے۔ وکٹری اسپیچ اور بعد ازاںروزنامہ جنگ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے عمران حسین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی پارلیمنٹ میںکشمیر اور غزہ سمیت ہر ظالم کیخلاف اور تمام مظلوموں کے حق کےلیے بھرپور آواز بلند کرتے رہیں گے۔ وکٹری اسپیچ کا آغاز انہوں نے با آواز بلند بسم اللہ پڑھ کر کیا۔ انہوں نے تالیوں کی گونج میں کہا کہ میں بریڈفورڈ میں ویسٹ منسٹر کا نمائندہ نہیں ہوں بلکہ میں پارلیمنٹ کے اندربریڈفورڈ کے لوگوں کا نمائندہ ہوں چونکہ مجھے بریڈفورڈ کے لوگوں نے پارلیمنٹ میں بھیجا ہے۔ عمران حسین نے گزشتہ 14 سالہ ٹوریز حکومت کی پالیسیوں پر تنقیدکرتے ہوئے کہا کہ شہر میں مہنگائی کے ہاتھوں عوام شدید پریشان ہیں میری اولین ذمہ داریوں میں شہر سے غربت اور مہنگائی اور بیروز گاری کا خاتمہ ہوگا۔ یاد رہے کہ عمران حسین جیرمی کوربن کے قریبی ساتھیوں میں شامل تھے، انہوں نے غزہ جنگ بندی کے لئے اپنی پارٹی قیادت سے شدید اختلاف کرتے ہوئے فرنٹ بینچ سے استعفیٰ دے دیا تھا اور اسرائیلی جنگی جرائم کے ثبوت جمع کرکے دی ہیگ کی عالمی عدالت تک پہنچائے تھے۔دوسری جانب ناز شاہ نے 11724 ووٹ لئے جبکہ انکے مدمقابل محمد علی اسلام نے 11017 ووٹ حاصل کئے۔ یوں ناز شاہ 707 ووٹ سےکامیاب قرار پائی۔ غزہ جنگ کے باعث لیبر امیدوار کو سخت مخالفت کا سامنا تھا۔گزشتہ انتخابات میں ناز شاہ نے 33736 ووٹ لئے تھے اور انکی اکثریت 27019 ووٹ تھی جو اس بار غزہ جنگ پر ووٹروں کی ناراضی اور کم ٹرن آئوٹ کے باعث 707 رہ گئی ہے۔اپنی کامیابی کے بعد وکٹری اسپیچ اور بعد ازاں روزنامہ جنگ سے بات کرتے ہوئے ناز شاہ نے کہا کہ ان کو پہلی بار شدید نفرت انگیز مہم کا سامنا کرنا پڑا۔ جنگ کے سوال پر ناز شاہ نے کہا کہ انتہائی سخت مقابلے کی وجہ ووٹرز کا کم ٹرن آئوٹ تھا۔ یاد رہے کہ حلقے میں ایک اور آزاد امیدوار عقیل حسین نے 3547ووٹ حاصل کئے۔ عقیل حسین اور محمد علی اسلام غزہ کے یکساں نعرے کے ساتھ میدان میں تھےتاہم عقیل حسین کے والد حالیہ کونسل الیکشن میں طویل عرصے تک کونسلر رہنے کےبعد آزاد امیدوار سے شکست کھا گئے تھے اور اسی کے ساتھ انہوں نے لیبر پارٹی سےمستعفی ہوکر اپنے صاحبزادے کو آزاد امیدوار کے طور پر پارلیمانی الیکشن کے لئے میدان میں اتارا تھا۔ دوسری جانب آزاد امیدوار محمد علی اسلام حالیہ الیکشن میںچار ہزار سے زائد ووٹ لے کر کونسلر منتخب ہوچکے ہیں۔لیبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ارشدحسین لیبر کی جانب سے لارڈ مئیر کے لئے نامزد کردئیے گئے تھے مگر وہ کامیاب نہ ہوسکے۔ ناز شاہ نے جنگ کو بتایا کہ وہ پارلیمنٹ میں غزہ جنگ بندی اور فلسطینی ریاست کے لئے ضرور آواز بلند کریں گی۔