مصنّفہ: ذونیرا بخاری
صفحات: 160، قیمت: 1000 روپے
ناشر: قلم فاؤنڈیشن انٹر نیشنل، یثرب کالونی، والٹن روڈ، لاہور کینٹ۔
فون نمبر:0515101 - 0300
زیرِ نظر کتاب 12افسانوں، 23افسانچوں اور ایک خاکے پر مشتمل ہے۔ آخر میں بدکلامی، ڈیپریشن اور احساسِ کم تری کے عنوانات سے تین مضامین بھی شامل ہیں۔ ابتدا میں ایک غزل بھی شامل ہے، جس سے پتا چلا کہ وہ شاعرہ بھی ہیں۔ اِس کتاب کو وزنی بنانے کے لیے اُنہوں نے کسی نقّاد کو زحمت نہیں دی، یہ خود اعتمادی کی دلیل ہے۔
ویسے یہ افسانے ایک مہذّب خاتون کے افسانے ہیں، جن میں تہذیبی اقدار کی پاس داری بھی ہے اور معاشرتی ناہم واریوں پر احتجاج بھی۔ یوں تو ان کے تمام ہی افسانے اہمیت کے حامل ہیں، لیکن ہمیں خصوصیت سے دو افسانوں ’’آزادی‘‘ اور ’’ایک اور دنیا‘‘ نے بے حد متاثر کیا۔ وہ بات سے بات نکالنے کا ہنر جانتی ہیں اور جس لکھاری میں یہ وصف موجود ہو، اُسے آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
خاکہ ’’قلمی دشمنی والا قلم دوست‘‘ بھی بہت خُوب ہے۔ نیز، افسانچے بھی اُن کی قلمی مہارت کے شاہ کار ہیں، خصوصاً انسان کے بچّے، گھوسٹ ادیب اور دُعا بہترین افسانچے ہیں۔ واضح رہے، مختصر تحریر میں اپنا مافی الضمیر بیان کرنا بھی ایک فن ہے۔ بہرحال، یہ ایک اچھی کتاب ہے، جو اپنے قارئین کو مایوس نہیں کرے گی۔