لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں 500یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے کروڑوں صارفین کو سولر پینلز دینے کے منصوبے ”روشن گھرانہ پروگرام“کی اصولی منظوری دے دی ۔ وزیراعلی نے کہا کہ شفاف طریقہ کار کے مطابق پہلے مرحلے میں غریب ترین گھرانوں کو سولرسسٹم دئیے جائیں گے۔ عوام کو مشکل حالات میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ماضی کی تباہی کے اثرات سے عوام کو بچانے کی کوششیں کررہے ہیں۔ پانچ سال بعد عوام کو موجودہ مسائل کا سامنا نہیں ہوگا۔عوام کو سولر پینلز کی فراہمی کے’’روشن گھرانہ“ پروگرام کی حتمی منظوری کے لئے آج کابینہ اجلاس طلب کر لیا گیا ہے ،حکومت صرف سولر پینل دے گی ،پینل کی لاگت کا 90 فیصد پنجاب حکومت اداکرے گی جبکہ 10 فیصد صارف اداکرے گا پینل پانچ سال کی آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے ،وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران نیشنل ایکشن پلان کے مطابق قومی سلامتی کے لیے جامع اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور صوبے کی مجموعی سیکورٹی صورتحال پر مفصل بریفنگ دی گئی ، محرم الحرام کے دوران سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے حکومت پنجاب کے پیشگی اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی اورمون سون کے دوران سیلاب کے امکان کے پیش نظر امدادی سرگرمیوں کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سی پیک اور نان سی پیک پراجیکٹس پر کام کرنے والے چینی باشندوں سمیت غیر ملکیوں کی سیکورٹی سے متعلق امور اور حکمت عملی پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ سمیت سکیورٹی کے مجموعی اقدامات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا محرم الحرام کی حساسیت کا بخوبی اندازہ ہے ہر امر کاباریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ بہت سے عناصر امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں ان کے مذموم عزائم کو مل کر ناکام بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت اور ریگو لر رپورٹس بہت اہمیت رکھتی ہیں، ناخوشگوار واقعات سے بچنے کے لئے پیشگی اطلاع اور اقدامات موثر ثابت ہوتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب بھر میں آر پی اوز ڈی پی اوز کو مجالس کی سیکورٹی خود چیک کرنے ہدایت کی گئی ہے۔امن وا مان کے قیام کے لئے صوبائی اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے اجلاس میں علما ء سے تفصیلی ملاقات کرچکے ہیں۔پولیس افسران کو علما کرام کے پاس خود جانے کی ہدایت کی ہے۔ محرم الحرام کے مرکزی کنٹرول روم میں منسٹر بیٹھیں گے، لائیو سٹریمنگ سے ہر جلوس اور مجلس چیک کی جارہی ہے۔ تمام مجالس کی سیکورٹی یقینی بنانے کے لئے جیو ٹیگ کیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لاؤڈ سپیکر استعمال کر کے بعض عناصر اسلام اور اسلام مخالف جیسی صورتحال پیدا کردیتے ہیں، حل سوچنا ہوگا۔ ہم دین اسلام سے پیار اور پیروی کرنے والے لوگ ہیں۔ کسی مذہب کی توہین کرنے والا مسلما ن، عیسائی، سکھ اور ہندو نہیں بلکہ محض مجرم ہوتا ہے۔ نفرت انگیز تقریر پر چیک رکھنا بہت ضرور ی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے مزید بتایا کہ حتیٰ الامکان کوشش ہوگی کہ عاشورہ پر موبائل سروس یا انٹر نیٹ سروس بند نہ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ چینی باشندوں سمیت غیر ملکی افراد کی سکیورٹی کو ہر طرح سے فول پروف بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔بلٹ پروف گاڑی کے بغیر چینی باشندوں کی نقل وحمل نہیں ہوگی۔حکومت پنجاب بلٹ پروف وین اور بسیں منگوارہی ہے۔ پنجاب میں ممکنہ سیلاب اور اربن فلڈنگ کے سد باب کے لئے موثر اقدامات کیے گئے ہیں۔لاہور میں بروقت نکاسی آب یقینی بنانے کے لئے اہم مقامات پر واساایمرجنسی کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں۔رود کوہی کی صورت میں بچاؤ کے لئے وقت بہت کم ہوتا ہے۔ممکنہ سیلاب کی صورت میں عوام کی جان ومال کے ساتھ ساتھ مال مویشیوں کا انخلا بھی یقینی بنایا جائے گا۔ کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لئے باہمی تعاون کا سلسلہ قابل تحسین ہے۔ موثرسیکورٹی کے لیے حکومت پنجاب سے اشتراک کار کا عمل جاری رکھیں گے۔ہمیں سیلاب سے بچنے کے لئے وسیع المدت پائیدار حفاظتی تدابیر کرنے کی ضرورت ہے۔محرم الحرام میں باہمی تعاون سے سے فول پروف سیکورٹی کے کے جامع انتظامات کیے جائیں گے۔سیکورٹی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کی مددلی جائے تاکہ سیکورٹی پر مامور دستیاب نفری بخوبی اپنے فرائض سرانجام دیے جا سکیں۔اجلاس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور دیگر اعلی عسکری، انٹیلی جنس اور حکومتی حکام نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اسلامی سال کے آغاز پر تمام پاکستانیوں کو مبارکباد یتے ہوئے دعا کی کہ نیا ہجری سال پاکستان، پاکستانی قوم اور عالم اسلامی کیلئے باعث رحمت و برکت ہو۔ معرکہ کربلا ظلم کے مقابلے میں غیر متزلزل جرات، قربانی اور ثابت قدمی کی مثال ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دعا ہے کہ نیا ہجری سال ہمارے لیے امن، خوشحالی اور خوشیاں لائے۔ اللہ تعالیٰ نئے ہجری سال میں فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کو آزادی نصیب فرمائے۔