• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوتہائی سزا پوری کرنے والے قیدی کمیونٹی سروس انجام دینگے، اسکاٹ لینڈ میں تجاویز پر مشاورت

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹش حکومت چند ایسی نئی تجاویز پر مشاورت کر رہی ہے جس کے تحت طویل المدتی سزا پانے والے ایسے قیدی جو اپنی قید کا دو تہائی عرصہ مکمل کر چکے ہیں، تیسری تہائی میں ان کی قید کو کمیونٹی سروسز میں تبدیل کر دیا جائے گا اور وہ لائسنس کی سخت شرائط کے تحت بقایا سزا کا عرصہ جیل سے باہر پورا کریں گے۔ اس تجویز کے تحت ایسے افراد کو جیل سے قبل از وقت رہا نہیں کیا جائے گا جو جنسی اور گھریلو تشدد کے جرائم میں ملوث رہے ہوں گے، نیز ایسے قیدیوں کو بھی رہائی نہ ملے گی جن کو عدالت نے قید کا ایک کم از کم مخصوص عرصہ پورا کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔ اسکاٹش حکومت کا کہنا ہے کہ جیلوں میں قیدیوں کی غیر معمولی تعداد کے اثرات سے نمٹنے کیلئے فوری کارروائی کی ضرورت ہے، ایسے افراد جو کہ چار سال سے کم کی سزا کاٹ رہے ہیں ان میں 5 سو سے زائد قیدیوں کو سزا کے آخری حصے میں پہلے ہی رہا کرنے کا کام جاری ہے۔ اسکاٹ لینڈ کی جسٹس سیکرٹری اینیلا کانسٹن کا کہنا ہے کہ نئی تجاویز کے تحت قیدی بہتر طریقے سے دوبارہ کمیونٹی کا حصہ بنیں گے اور ان کے دوبارہ جرم کرنے کی شرح کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ قیدیوں کی رہائی اور کمیونٹی سروس کا کام نہایت کڑی نگرانی میں ہوگا اور اس سارے پروگرام میں عوامی تحفظ سب سے اہم ہوگا۔ اپوزیشن پارٹیوں نے ان تمام نئے اقدامات پر سخت تنقید کی ہے، واضح رہے کہ اسکاٹ لینڈ کی جیلوں میں قیدیوں کی تعداد مغربی یورپ میں سب سے زیادہ ہے۔

یورپ سے سے مزید