اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ گندم کی برآمد کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا‘ پی ٹی آئی کے دور میں پہلے گندم اور چینی برآمد کی گئی اور بعد میں گندم اور چینی درآمد کی گئی، اربوں کھربوں روپے کہاں گئے، وہ تاریخ کا حصہ ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے اسپیکر سردار ایاز صادق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بطور سپیکر آپ کی آئینی ذمہ داری ہے اور یہ آپ کی سخاوت بھی ہے کہ آپ لیڈر آف اپوزیشن کو بولنے کا موقع دیتے ہیں حالانکہ سابق سپیکر اسد قیصر جب سپیکر تھے تو یہ اس وقت قائد حزب اختلاف کو بات ہی نہیں کرنے دیتے تھے، یہ ریکارڈ کا حصہ ہے۔