تل ابیب( نیوز ڈیسک) اسرائیلی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نیتن یاہو 24جولائی کو امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات اورکانگریس سے خطاب کریں گے۔ اسرائیلی وزیراعظم گرفتاری کے خوف سے یورپ کے کسی ملک میں رکے بغیر امریکا جائیں گے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ عالمی عدالت نے نیتن یاہو کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر رکھے ہیں اور انہیں خدشہ ہے کہ اگر وہ کسی یورپی ملک میں اترے یا یورپی فضائی حدود استعمال کی تو انہیں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے جمہوریہ چیک اور ہنگری میں رکنے پر غور کیا تھا جو عالمی فوجداری عدالت کے وارنٹ پر جواب نہیں دیں گے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو نے رکے بغیر براہ راست واشنگٹن جانے کو ترجیح دی ہے۔ نیتن یاہو کے طیارے میں زیادہ سے زیادہ 60مسافر سوارہوں گے تاکہ طیارہ تل ابیب سے واشنگٹن کے لیے براہ راست پرواز کرسکے۔