کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں میزبان علینا فاروق شیخ کے 9 مئی کیسز میں عبوری ضمانتوں سے متعلق فیصلہ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال ”9مئی کیسز میں عبوری ضمانتوں سے متعلق فیصلہ پی ٹی آئی کے لئے سیاسی طو رپر کتنا نقصان دہ ؟“ پر تجزیہ کاروں نے کہاکہ کسی بھی مجرم کو سزا سے نہیں بچنا چاہئے اور کسی بے گناہ کو سزا نہیں ملنی چاہئے،جب کیسز بنتے رہیں گے ضمانتیں نہیں ملیں گی تو عمران خان جیل سے باہر نہیں آسکیں گے،اس وقت عمران خان پر انتہائی سنگین الزامات ہیں ،ایک دوسرے سوال پر تجزیہ کاروں نے کہا کہ نواز شریف کی آمد سے لے کر اب تک سب کچھ ہی ابہام کا شکار رہا ہے وہ پارٹی کے صدر بھی منتخب ہوگئے ہیں لیکن اس کے باوجود نہ ہی وہ سیاست میں ایکٹیو ہوئے ہیں نہ ہی ملکی معاملات میں اس کی ایک بڑی وجہ یہی نظر آتی ہے کہ جو 8فروری کے الیکشن میں توقع تھی کہ ایک بڑا مینڈیٹ وہ حاصل کریں گے ان کو وہ مینڈیٹ نہیں ملا وہ خود ایک سیٹ سے ہار گئے لگتا ہے کہ وہ بددل ہوگئے ہیں پاکستان کی سیاست سے اور اس وقت وہ خود کو ملک میں پھنسا ہوا محسوس کررہے ہیں بالکل ان کے ساتھ غلط ہوا کہ ان کو غلط طریقے سے نکالا گیا۔