لندن (نمائندہ جنگ) کینٹ کے علاقے گریوز اینڈ میں واقع گرونانک دربار گوردوارے میں تیز دھار آلے سے حملے کرنے کے الزام میں پولیس نے 17سالہ نوجوان کو گرفتار کرلیا۔ جمعرات کی شام 8 بجکر 10 منٹ پر ہونے والے حملے میں دو خواتین معمولی زخمی ہوئی تھیں۔ پولیس نے حملہ آور پر قتل کرنے کی کوشش اور مذہبی طور پر امن عامہ میں خلل ڈالنے کے الزامات عائدکئے ہیں۔ حملے میں کوئی بھی شخص شدید زخمی نہیں ہوا تھا۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے تیز دھار آلہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے اور اس واقعہ کے حوالے سے کسی اور شخص کو تلاش نہیں کر رہی۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ائین ڈیبال نے کہا ہے کہ پولیس اس واقعہ کو ’’ایک الگ واقعہ‘‘ کے طور پر دیکھ رہی ہے، علاقے میں گشت بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کمیونٹی کے تعاون کا شکریہ بھی ادا کیا۔ گریوز شم کی رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر لارین سلوان نے کہا ہے کہ یہ واقعہ حیران کن اورغمزدہ کر دینے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری ہمدردیاں زخمی خواتین انکے خاندان اور کمیونٹی کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے پولیس کی تیز رفتار کارروائی پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔