• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس کسی بھی ایکسٹینشن میں دلچسپی نہیں رکھتے، اعظم تارڑ

کراچی(ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاہےکہ چیف جسٹس کسی بھی قسم کی ایکسٹینشن میں دلچسپی نہیں رکھتے ،حکومت کو دو تہائی اکثریت میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، پی ٹی آئی نے اس معاملے میں حصہ ہی نہیں لیا کسی طرح سے بھی تو پھر کیسے ان کو یہ سیٹیں دیدی گئیں ،سنی اتحاد کونسل کے آئین میں لکھا ہے کہ کوئی غیر مسلم اس کا رکن نہیں ہوسکتا شاید یہی وجہ بنی کہ سیٹیں پی ٹی آئی کو دیدی گئیں،رہنما پاکستان تحریک انصاف اور ماہر قانون سلمان اکرم راجہ نےکہاکہ پی ٹی آئی کا جو سیاسی رتبہ ہے وہ عوام کی نظر میں اب بڑھتا ہی چلا جارہا ہے اور اب اس کو روکنا کسی کے لئے بھی ممکن نہیں ہے، ہر ملک میں ہی قانون سازی اور ترامیم ہوتی ہیں اور بالکل اپوزیشن اور حکومت کے مابین گفتگو ہونا چاہئے،میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتےہوئے کہا کہ تحریک انصاف کو بڑی عدالتی اورسیاسی کامیابی ملی ہے جس کے ساتھ ہی پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی سیاست میں واپسی بھی ہوگئی ہے اور اس کیساتھ ہی حکومت کی دوتہائی اکثریت کا امکان بھی ختم ہوگیا ہے۔وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ فیصلہ بالکل اکثریت کا فیصلہ ہے لیکن فیصلے کے میرٹ پر بات کرنا اور جو قانونی معاملات ہیں اس پر بات کرنے کی تو آئین اور قانون اجازت دیتا ہے درخواست گزار سنی اتحاد کونسل تھی جو پہلے الیکشن کمیشن میں گئی تھی وہاں بھی وہ یہ سیٹیں حاصل نہ کرسکی پھر پشاور ہائیکورٹ گئے وہاں بھی پانچ صفر کا فیصلہ آیا جس نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھا ۔ اب مسئلہ یہ ہے کہ جب پی ٹی آئی نے اس معاملے میں حصہ ہی نہیں لیا کسی طرح سے بھی تو پھر کیسے ان کو یہ سیٹیں دیدی گئیں ۔
اہم خبریں سے مزید