کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے لاڈلہ ازم اور گُڈ ٹو سی یو کی بو آرہی ہے، فیصلے کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان جیسے آئینی ادارے کے احکامات کو بلڈوز کیا گیا، فیصلے کیخلاف اپیل کرنا وفاقی حکومت کی صوابدید ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عدالتی فیصلوں کو احترام کرتی ہے، نہ چاہتے ہوئے بھی پاکستان پیپلز پارٹی کو ہر وہ فیصلہ بھی ماننا پڑا ہے جس سے اس کو نقصان پہنچا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے ابہام پیدا ہوا ہے، وفاقی حکومت سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف نظرثانی کی اپیل کرتی ہے یانہیں یہ وفاقی حکومت کی صوابدید پر ہے، ۔ آج کے فیصلے نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو بھی پس پشت کیا گیا ہے، پشاور ہائیکورٹ نے پہلے بھی بی آر ٹی کے خلاف فیصلہ دیا تھا جس کو جسٹس بندیال نے مسترد کردیا تھا۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سابقہ چیف جسٹس ثاقب نثار کا ہر عمل اور فیصلہ کسی سے بھی پوشیدہ نہیں ہے۔