• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران اور بشریٰ کو نیب نے قیمتی تحائف کیس میں پھر گرفتار کرلیا

راولپنڈی، اسلام آباد (نمائندہ جنگ، جنگ نیوز) نیب نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کو نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتار کر لیا، نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون کی سربراہی میں نیب ٹیم نے اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو گرفتار کیا، جسکے بعد دونوں کے رہائی کے امکانات ختم ہوگئے ، جبکہ لاہور پولیس بھی 9مئی تین مختلف مقدمات میں ضمانتیں منسوخ ہونے پر عمران خان کی گرفتاری کیلئے اڈیالہ جیل پہنچی جسکے بعد جیل کے اطراف سکیورٹی سخت کردی گئی، راولپنڈی پولیس کی بھاری نفری اڈیالہ جیل کے باہر طلب کرلی گئی، رہائی کی امید پرپی ٹی آئی کارکن اڈیالہ جیل پہنچے تھے لیکن بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی دوبارہ گرفتاری کا سن کر واپس لوٹ گئے۔ تفصیلات کے مطابق عدت کیس میں رہائی کے کے بعد نیب نے قیمتی تحائف کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو پھر گرفتار کرلیا۔جسکے بعد دونوں کے رہائی کے امکانات ختم ہوگئے ، جبکہ لاہور پولیس بھی نو مئی مقدمے میں عمران خان کی گرفتاری ڈالنے اڈیالہ جیل پہنچ گئی ،لاہور پولیس بانی پی ٹی آئی کو 9 مئی کے تین مختلف کیسز میں گرفتار کرنے پہنچی۔جسکے بعد جیل کےا طراف سکیورٹی سخت کردی گئی، مایوس کارکن دوبارہ گرفتاری کا سن کر واپس لوٹ گئے۔ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون کی سربراہی میں دو رکنی نیب ٹیم گرفتاری ڈالنے کیلئے اڈیالہ جیل پہنچی تھی، نیب ٹیم گیٹ نمبر 5 سے اڈیالہ جیل کے اندر گئی ، اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد عمران خان اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری ڈال دی گئی۔ اڈیالہ جیل کے اطراف سیکورٹی مزید سخت کردی گئی ، راولپنڈی پولیس کی بھاری نفری اڈیالہ جیل کے باہر طلب کرلی گئی ، عدالتی فیصلے کے بعد سیکورٹی سخت کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔پولیس حکام نے اڈیالہ جیل کے باہر آنے والے کارکنان کو کالونی گیٹ پر روکنے کا فیصلہ کیا ، کارکنان کو اڈیالہ جیل کے مرکزی گیٹ جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔اس کے علاوہ خاتون ایس ایچ او اور خواتین اہلکاروں کی بھاری نفری کے ساتھ اڈیالہ جیل میں موجود رہی، گیٹ نمبر 5 کے داخلی راستے پر ایلیٹ فورس کی گاڑیاں کھڑی کردی گئیں۔تحریک انصاف کے رہنماؤں کو بھی اڈیالہ جیل کے مرکزی گیٹ پر روک لیا گیا، جیل کے عملے نے انہیں بتایا کہ بانی پی ٹی آئی سے آج ملاقات کا دن نہیں ، عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے منگل اور جمعرات کا روز مختص کر رکھا ہے۔جسکے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں اور جیل عملے میں تلخ کلامی ہوئی۔جیل کے عملے نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری سے متعلق پارٹی رہنماؤں کو آگاہ کردیا گیا ۔جیل پہنچنے والے پی ٹی آئی کے رہنماؤں میں عمر ایوب، اعظم سواتی اور انتظار پنجوتھاشامل تھے، جبکہ پی ٹی آئی کے دیگر رہنما اڈیالہ جیل نہیں پہنچے۔پی ٹی آئی کے تین سو کے قریب کارکن اڈیالہ جیل پہنچے تھے لیکن بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری کا سن کر کارکن واپس جانا شروع ہوگئے۔بانی پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کے نئے کیس کی جو انکوائری رپورٹ سامنے آئی ہے اس کے مطابق عمران اور اہلیہ نے 7 گھڑیوں سمیت 10قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھے اور فروخت کئے۔

اہم خبریں سے مزید