برسلز ( نیوز ڈیسک) یورپی یونین کے رکن ممالک کے سفیروں نے روس اور چین کے دورے کی وجہ سے ہنگری کے وزیر اعظم وکٹور اوربان کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ یورپی سفیروں نے برسلز میں منعقدہ 2گھنٹے کے اجلاس میں ٹرم چیئرمین ملک ہنگری کے وزیر اعظم وکٹور اوربان کے اچانک دورہ چین اور دورہ روس پر بات چیت کی ۔ سفیروں نے کہا ہے کہ اوربان نے یونین کے نام پر بات کرنے کا اختیار نہ ہونے کے باوجود اور دیگر یورپی رہنماوں کا تعاون حاصل کیے بغیر روس کا غیر متوقع دورہ کر کے 27ممالک کے اتحاد کو نقصان پہنچایا اور یونین کے سمجھوتوں کی بھی خلاف ورزی کی ۔ دوسری جانب ہنگری کے سفیر نے کہا کہ اوربان نے یہ دورہ بحیثیت ٹرم چیئر مین کے نہیں بلکہ ہنگری کے وزیر اعظم کی حیثیت سے کیا ہے۔ دورے کا مقصد یوکرین میں جنگ بندی کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم وکٹور اوربان نے یکم جولائی کو یورپی یونین کی ششماہی ٹرم چیئر مین شپ حاصل کرنے کے بعد 2جولائی کو کیف میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ اور 5جولائی کو ماسکو میں روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ملاقات کی تھی۔