لاہور(پرویز بشیر ) وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیشت کی بحالی اور اصلاحات میں دخل اندازی سے بربادی آئے گی،جب آئی ایم ایف سے معاہدہ ہورہا تھا تب نیا آئین لکھا جارہا تھا۔جنگ سے خصوصی گفتگو کر تے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ خراب معیشت بحالی کی پٹری پر چڑھ چکی ہے لوگوں کی اکثریت کو یقین ہے کہ معیشت جلد بحال ہو کر عوام کو ریلیف دینے کی پوزیشن میں آجائے گی۔ہم اصلاحات کی سطح پر ہیں اب اگر رخنہ ڈالا گیا تو کچھ نہیں بچے گا۔ خدانخواستہ ایسی بربادی وتباہی ہو گی کہ سب ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔میں عزم و ہمت کے ساتھ کھڑا ہوں۔مجھے اپنے راستے سے کوئی نہیں ہٹا سکتا۔جانے انجانے میں جو ایسا کریگا پچھتائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی اس سارے عمل میں بھر پور کردار ادا کر رہی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ہر طرح ریاست اور ملک کی ترقی کے ساتھ ہے۔ شہباز شریف نے کہاکہ دوست ممالک ہماری طرف متوجہ ہیں۔سرمایہ کاری کے وعدے ہو رہے ہیں۔ جس روزآذربائیجان کے صدر پاکستان کے دورے پر تھے اس روز غیر یقینی صورتحال کا تا ثر دیا گیا۔ اسی سال ۵ سربراہ مملکت پاکستان کا دورہ کر ینگے ایسا ماحول پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔ میں نے دو ماہ بعد آذربائیجان کا دورہ کرنا ہے۔ اس میں یہاں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا معاہدہ ہونا ہے۔