اسلام آباد (صالح ظافر)پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلی نے کہا ہے کہ حکومتوں اور عالمی اداروں کو تمام معاشروں میں انسانی حقوق کا تحفظ کرنا چاہئے۔اتوارکو ڈپلومیٹک انکلیو میں اپنی رہائش گاہ پر فرانس کے قومی دن کے استقبالیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے انسانی حقوق کے فروغ کے لیے پاکستانی سول سوسائٹی کی غیر معمولی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ سماجی حقوق ‘مزدوروں کے حقوق اور خواتین کے حقوق بھی ہیومن رائٹس کا حصہ ہیں ۔انہوں نے این جی اوز کے ساتھ ساتھ ان حقوق کے لیے کام کرنے والی کئی عوامی تنظیموں کے ساتھ فرانسیسی تعاون کے معیار اور شدت پر روشنی ڈالی۔ سفیر نکولس گیلی نے کہا کہ انقلاب فرانس کے 235سال بعد بھی انسانوں کے فطری، ناقابل تنسیخ اور مقدس حقوق سے متعلق فرانسیسی انقلاب کا آفاقی پیغام ہمیشہ کی طرح متعلقہ اور ضروری ہے۔ یورپ سمیت دنیا میں ہر جگہ یہی صورت حال ہے، جہاں روس کی طرف سے طے شدہ ایک غیر منصفانہ اور بلاجواز جنگ کے آغاز کے بعد سے دو سال تک یوکرین کے عوام کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ سرحدوں میں امن سے رہنے کے حق سے محروم رکھا گیا۔