• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی کا انٹرنیشنل سیریز میں جاندار اور معیاری پچز بنانے کا فیصلہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ماضی میں پاکستان میں غیر ملکی کوچز مختصر عرصے کے لئے پچیں تیار کرنے آتے رہے ہیں۔پی سی بی نے انٹرنیشنل سیریز میں جاندار اور معیاری پچز بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک میں پچوں کی تیاری کے لئے دو سال کے لئے آسٹریلوی ٹونی ہیمنگ کی خدمات حاصل کی ہیں۔وہ آغا زاہد کی جگہ لیں جن کے معاہدے کی پی سی بی نے توسیع نہیں کی یہ پہلا موقع ہے جب غیر ملکی کیو ریٹر مستقل بنیادوں پر پچ تیاری کے لئے کام کرے گا۔پیر کوپاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹونی ہیمنگ کو دو سال کے معاہدے کے تحت نیا ہیڈ کیوریٹر مقرر کردیا ہے۔ ویسٹرن آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ٹونی ہیمنگ اپنی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے بدھ کو لاہور پہنچیں گے۔ہیمنگ کی فوری ذمہ داریوں میں سے ایک بنگلہ دیش اور انگلینڈ کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پانچ ٹیسٹ میچوں کے لیے پچز تیار کرنا ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف اگست ستمبر میں دو ٹیسٹ جبکہ انگلینڈ کے خلاف اکتوبر میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ہیمنگ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی پچز کی تیاریوں کی بھی نگرانی کریں گے جس کی میزبانی پاکستان 19 فروری سے 9 مارچ تک کرے گا۔ہیمنگ تقریباً چار دہائیوں کے تجربے کے ساتھ ایک انتہائی قابل احترام کیوریٹر ہیں۔ انہوں نے آسٹریلیا کے مختلف مشہور گراؤنڈز بشمول میلبرن ،پرتھ اور تسمانیہ کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جیسے ممالک میں کام کیا ہے جہاں وہ دبئی میں 2007 سے 2017 تک آئی سی سی کے ہیڈ کیوریٹر رہے۔