کراچی (اسٹاف رپورٹر) بابر اعظم، نسیم شاہ، شاداب خان اور فخر زمان آئی ایل ٹی20 میں ایک ہی ٹیم کا حصہ بن گئے۔ انہیں ڈیزرٹ وائپرز نے مقررہ بنیادی قیمت 80، 80 ہزار امریکی ڈالر میں خرید لیا۔ ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی20 (آئی ایل ٹی20) سیزن 5 کی پلیئرز نیلامی میں ریکارڈ بولیاں لگائی گئیں ۔ ٹیموں کے مجموعی اخراجات کے مطابق ایم آئی ایمریٹس نے 20 لاکھ ڈالر خرچ کیے ۔ افغانستان کے فاسٹ بولر فضل الحق فاروقی سب سے مہنگے کھلاڑی رہے، جنہیں ایم آئی ایمریٹس نے 3 لاکھ 80 ہزار ڈالر میں حاصل کیا ۔ رحمان اللہ گرباز 3 لاکھ 10 ہزار ڈالر میں گلف جائنٹس جبکہ جنوبی افریقہ کے سابق کپتان فاف ڈوپلیسی 3 لاکھ ڈالر میں دبئی کیپیٹلز کا حصہ بنے۔ ایم آئی ایمریٹس نے پاکستان نژاد اماراتی کھلاڑی محمد وسیم کو 2 لاکھ 10 ہزار ڈالر میں برقرار رکھا۔