کراچی (رفیق مانگٹ) امریکی صدر جو بائیڈن سپریم کورٹ میں اصلاحات کے لیے تجاویز پر غور کر رہے ہیں جس میں کنزرویٹو کے اکثریتی بینچ کے لیے ممکنہ مدت کی حدود اور ایک نیا اخلاقی ضابطہ شامل ہے۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق زیادہ تر امریکی سپریم کورٹ میں اصلاحات کی حمایت کرتے ہیں۔زیادہ تر امریکی اس کام کو بھی ناپسند کرتے ہیں جو عدالت کر رہی ہے۔ واشنگٹن پوسٹ نے رپورٹ دی تھی کہ صدر بائیڈن سپریم کورٹ میں اصلاحات چاہتے ہیں۔ اپنی مدت کے آغاز میں، ڈیموکریٹک پارٹی کےدباؤ نے بائیڈن کو ایک کمیشن بنانے پر آمادہ کیا جس کا مقصد ادارے کا جائزہ لینا تھا لیکن پھر عدالت نے اسقاط حمل تک رسائی کو منسوخ کرتے ہوئے، حکومتی ماہرین کے اختیار کو کم کرتے ہوئے اور صدور کو مجرمانہ کارروائیوں سے استثنیٰ دیتے ہوئے اپنی اکثریت کا نظریہ ظاہر کر دیا۔ ڈیموکریٹس عدالت سے اور بھی مایوس ہو گئے ۔فاکس نیوز کے پول سے پتہ چلتا ہے کہ10میں سے 6 امریکی سپریم کورٹ کی کارکردگی کو ناپسندیدگی کے ساتھ دیکھتے ہیں۔ اس میں تین چوتھائی ڈیموکریٹس اور دو تہائی آزاد شامل ہیں۔ عدالت نے جو کچھ کیا ہے ،زیادہ تر ریپبلکن اسے قبول کرتے ہیں۔ نصف سے کم امریکی کہتے ہیں کہ عدالت بہت قدامت پسند ہے۔ تین چوتھائی ڈیموکریٹس اس نظریے کے حامل ہیں۔ رائے دہندگان نے صدارتی استثنیٰ کے فیصلے کے بارے میں پوچھا زیادہ تر امریکیوں نے، جن میں ڈیموکریٹس اور آزاد کی بڑی اکثریت بھی شامل تھی، اسے نامنظورکیا۔ جب YouGov نے جون میں ایک رائے شماری کرائی، تو ریپبلکنز نے صدارتی استثنیٰ کو ختم کرنے کے خیال کی مخالفت کی - ججوں کے لیے لازمی ریٹائرمنٹ کی عمر اور 18 سال کی مدت کی حد کے سوال پر زیادہ تر امریکی سختی سے لازمی ریٹائرمنٹ کے حامی ہیں۔ تین چوتھائی دونوں تجاویز کو کسی حد تک مثبت انداز میں دیکھتے ہیں۔ ریپبلکنز کے درمیان حمایت کم تھی۔ سپریم کورٹ نے 6-3 کی قدامت پسند اکثریت کے ساتھ حالیہ برسوں میں جمہوری ترجیحات کے خلاف کئی بڑے فیصلے کیے ،زیادہ قابلِ ذکر اسقاطِ حمل کے ملک گیر حق کو منسوخ کرنے کا فیصلہ تھا جس کے خلاف بائیڈن نے اختلافِ رائے کا بڑھتا ہوا اظہار کیا۔اس سال عدالت نے وفاقی ایجنسیوں کی طاقت کو نمایاں طور پر واپس لے لیا جبکہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے استثنیٰ کےحق میں فیصلہ بھی سنایا۔ لاس اینجلس ٹائمز کے مطابق بائیڈن سپریم کورٹ کی بڑی اصلاحات کی توثیق کر سکتے ہیں۔ صدر بظاہر عدالت کو نو سے بڑھا کر 13 ججز کرنے کے مخالف ہیں۔اگر ڈیموکریٹس نومبر کے انتخابات میں ایوان اور سینیٹ کا کنٹرول حاصل کر جاتے ہیں اور بائیڈن دوبارہ منتخب ہو جاتے ہیں، تو ان میں سے کچھ یا تمام قانون سازی کی تجاویز اگلے سال کے اوائل میں آگے بڑھ سکتی ہیں۔بائیڈن کی مجوزہ اصلاحات ڈیموکریٹس اور ترقی پسندوں کے لیے بڑی حد تک سیاسی بات کرنے کے نکات ہیں۔عدالتی اصلاحات کے ایڈوکیسی گروپ کےایگزیکٹو ڈائریکٹرگیبی روتھ کا کہنا ہے کہ عدالت طویل عرصے سے ہماری حکومت کا سب سے طاقتور، سب سے کم جوابدہ حصہ رہی ہے، نظام میں تبدیلیوں کو نافذ کیے بغیرجمہوریت کی طویل مدتی کامیابی کو یقینی نہیں بنا سکتے۔ ججوں کو تاحیات سروس نہیں کرنی چاہیے، کانگریس اور ایگزیکٹو کی طرح بنیادی نگرانی کے تابع ہونا چاہیے۔ایک اور ایڈوکیسی گروپ کے صدر شان ایلڈریج نے کہااخلاقیات کے بڑھتے ہوئے اسکینڈلز اور ہماری بنیادی آزادیوں پر حملوں کے باوجود، سپریم کورٹ ناقابل جوابدہ ہے۔ کانگریس اور صدر کے پاس اسے ٹھیک کرنے اور ہماری عدلیہ پر اعتماد بحال کرنے کا اختیار ہے۔دو مدت کے صدور جارج ڈبلیو بش اور براک اوباما نے اعلیٰ کورٹ میں صرف دو تقرریاں کیں، صدر ٹرمپ نے اپنی ایک مدت میں تین ججوں کا اضافہ کیا۔مدت کی حد کی تجاویز، اگر نافذ ہو جائیں تو، ہر نئے جسٹس کو سپریم کورٹ میں 18 سال کی مدت ملے گی اور ہر صدر وائٹ ہاؤس میں چار سالہ مدت کے دوران دو نئے ججوں کا تقرر کر سکتا ہے۔اگر اس طرح کا بل قانون بن جاتا ہے تو نو منتخب صدر بائیڈن یا صدر ٹرمپ 2025میں ایک نیا جسٹس اور 2027 میں دوسرا نیا جسٹس مقرر کرنے کے مجاز ہوں گے۔