• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بحیرہ عرب کی گرم سطح، کراچی میں گرمی کی بڑی وجہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں ماہ جولائی میں مون سون کا موسم ہونے کے باوجود بارشوں کے بجائے شدید گرمی اور حبس کا سلسلہ جاری ہے جس نے اہالیان کراچی کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے جمعرات کو شہر کا درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا لیکن محسوس 57 کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ رات رواں سال جولائی کی تیسری گرم ترین رات تھی۔ ادہر ماہر موسمیات نے بتایا ہے کہ گزشتہ چند ماہ سے بحیرہ عرب کا سطح سمندر کا درجہ حرارت معمول سے زائد رہ رہا ہے جس کے باعث بخارات معمول سے زائد فضا میں شامل ہو رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ شہر میں شمال مشرق سے نم آلود ہوائیں بھی چل رہی ہیں، نم آلود ہوائیں اور بحیرہ عرب سے آنے والی نمی کی وجہ سے گرمی کی شدت 57 ڈگری سینٹی گریڈ محسوس کی گئی۔ ماہر کے مطابق ایران کے قریب غیر معمولی طور پر ہوا کا زائد دباؤ موجود ہے، ہوا کا زائد دباؤ مون سون ہواؤں کو کراچی، ٹھٹہ اور بدین تک معمول کے مطابق پہنچنے نہیں دے رہا تاہم ہوا کا زائد دباؤ ایک سے2 دن میں کم ہونے کا امکان ہے، 19 سے 21 جولائی کے دوران کراچی میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔جبکہ اگست میں کراچی میں مون سون کا اچھا اسپیل متوقع ہے۔ ماہر کے مطابق کراچی مسلسل تین ماہ سے گرمی کی لپیٹ میں ہے اور گرمی کا یہ سلسلہ جولائی کے ‘خر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

اہم خبریں سے مزید