• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش، سیلابی ریلے کی زد میں آکر بچہ جاں بحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں ہفتے کو وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سےگرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوش گوار ہوگیا تاہم سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ مختلف شاہراہوں پر ٹریفک بھی جام ہوگیا۔ادھر سیلابی ریلے کی زد میں آ کر بچہ جاں بحق ہو گیا، بارش کے باعث پھلسن سے موٹر سائیکل سواروں کے زخمی ہونے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔ ہفتے کودن 12بجے سے کراچی کے مختلف علاقوں کیماڑی، اورنگی ٹاؤن، سرجانی ٹاؤن، لانڈھی، ناظم آباد، شیر شاہ، سہراب گوٹھ، اولڈ سٹی ایریا، کلفٹن، گارڈن، صدر، پی اے ایف بیس مسرور، پی اے ایف بیس فیصل، ابراہیم حیدری، یونیورسٹی روڈ، گلشن حدید، اولڈ ایئر پورٹ، نارتھ کراچی، قائد آباد، کورنگی،برنس روڈ،ایم اے جناح روڈ ، گلشن اقبال ، گلستان جوہر،شاہ فیصل، اسٹیل ٹاؤن ، شاہ لطیف ٹاؤن اور سعدی ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں کہیں ہلکی و تیز بارش اور کہیں بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش پاپوش نگر میں 37.2ملی میٹر ریکارڈ ہوئی ، کیماڑی میں 25، ماڑی پور میں 23 ، کورنگی میں 22 ، قائد آباد میں 12، اورنگی ٹاؤن میں 4.5 اور ڈی ایچ اے فیز 2 میں 3.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہواؤں کا سلسلہ سندھ میں مسلسل داخل ہو رہا ہےجس کے باعث اتوار کو بھی مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ادھر سیلابی ریلے کی زد میں آ کر بچہ جاں بحق ہو گیا، نارتھ ناظم آباد شپ اونر کالج کٹی پہاڑی کے قریب سیلابی ریلے کی زد میں آکر 8 سالہ بچہ ڈوب گیا جس کی لاش سندھ ایمرجنسی ریکسیو 1122کے غوطہ خوروں نے لیاقت آباد گجر نالے کے قریب سے نکال لی ۔ ریسکیو حکام کے مطابق چار گھنٹے بچے کی تلاش کا عمل چار گھنٹے تک جاری رہا ، ڈوبنے والے بچے کی شناخت 8 سالہ سلیم کے نام سے ہوئی ۔بچے کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ۔
اہم خبریں سے مزید