کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عوام کے ٹھکرائے ہوئے لوگوں کی بلاوجہ تنقید وطیرہ بن چکی ، وہ تعصب کا چشمہ اُتاریں ۔ میئر کراچی نے دعویٰ کیا کہ ہفتے کو بارش کے باوجود شہر کے کسی علاقے میں بارش کا پانی موجود نہیں! وہ کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے تھے۔ میئر اولڈ سٹی ایریا، صدر، ایم اے جناح روڈ، گرومندر نالہ، طارق روڈ اور ملحقہ علاقوں، خالد بن ولید روڈ، بہادرآباد اور کارساز روڈ سمیت اطراف کے علاقوں میں گئے، کے ایم سی سمیت دیگر بلدیاتی اداروں کے افسر بھی اس موقع پر ان کے ساتھ تھے، جنہوں نے میئر کو بریفنگ دی کہ نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کردی گئی ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں ہیوی مشینری موجود ہے، کسی انڈرپاس میں پانی نہیں ٹھہرا، تمام انڈر پاسز میں ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے، بیان دینے والوں کو کہیں بارش کا پانی نظر نہیں آیا، مگر وہ عوام کو گمراہ کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں، وہ بلاوجہ تنقید نہ کریں، ہم عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔