کراچی(اسٹاف رپورٹر) علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؓ کسی مسلک یاگروہ کے امام نہیں نہ ہی کسی مسلک یا گروہ کی ہدایت کے لئے آئے تھے بلکہ حضرت امام حسین ؓ کا قیام پوری انسانیت کی ہدایت اور رہنمائی کے لئے تھا،ان خیالات کا اظہا رانہوں نے جامعہ کراچی کے دفتر مشیر امور طلبہ کے زیر اہتمام جامعہ کراچی میں سالانہ ”یوم حسینؓ “ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ کربلا صرف واقعہ نہیں بلکہ ایک پیغام ہے جو زندگی گزارنے کا سلیقہ سکھاتا ہے، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ واقعہ کربلا کی روح یہ ہے کہ ظالم صرف وہ نہیں جو ظلم کر رہا ہے بلکہ ظالم وہ بھی ہے جو ظلم پر خاموش ہے،آج غزہ والے ڈٹے ہوئے ہیں اور قربانیاں دے رہیں جبکہ پورے عالم اسلام کے اوپر خاموشی چھائی ہوئی ہے، رئیس کلیہ معارف اسلامیہ پروفیسرڈاکٹر زاہد علی زاہدی ، فلسطین فاؤنڈیشن کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صابرابومریم اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔