• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں 50فیصد افراد ذہنی دبائو اور مسائل کا شکار، ماہرین تعلیم وصحت

اسلام آباد( کامرس رپورٹر ) ماہرین تعلیم وصحت نے کہا کہ پاکستان میں 50فیصد افراد ذہنی دبائو اور مسائل کا شکار ہیں ،کام کے طویل اوقات کار ، نیند کی کمی کے باعث طبی عملہ اور ڈاکٹر بھی ذہنی مسائل سےد وچار ہیں، ذہنی تناؤ اور دیگر مسائل پر قابو پانے کا ایک کامیاب نسخہ شعر و ادب سے مستقل تعلق جوڑنا ہے، خاص طور پر مزاحیہ شاعری اور مزاحیہ ادب پڑھنے سے دماغی تناؤ اور ذہنی مسائل میں حیرت انگیز کمی لائی جا سکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار ماہرین تعلیم، صحت اور ادب نے ممتاز مزاح نگار مشتاق احمد یوسفی کے منتخب کلام پر مبنی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ’’قصہ ایک صدی کا - عہد یوسفی 1933-2023‘‘ نامی کتاب کی تقریب رونمائی پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں ہوئی جس میں رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد، معروف شاعر اور ادیب پروفیسر ڈاکٹر انعام الحق جاوید، پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز کی چیئرپرسن ڈاکٹر نجیبہ احمد اور دیگرماہرین طب نے شرکت کی، ڈاکٹر انیس احمد کا کہنا تھا کہ ایک ایسے وقت میں جب کہ پاکستانی معاشرہ اخلاقی تنزلی کا شکار ہے اور معاشرے میں مختلف نوعیت کے مسائل بڑھتے جا رہے ہیں، شعر و ادب سے تعلق جوڑنے کے نتیجے میں اخلاقی قدریں مضبوط ہوتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نہ صرف عام عوام بلکہ طبی عملے کے افراد بھی ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار ہیں، مختلف تحقیقات کے مطابق پاکستان میں 40 سے 50 فیصد طبی عملہ بھی ذہنی تناؤ، ڈپریشن اور گھبراہٹ کے مسائل کا شکار ہے، ان حالات میں مزاحیہ ادب اور شاعری ذہنی صحت میں بہتری لانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے، سید جمشید احمد نے کہاکہ ان کا ادارہ پاکستان میں ایک صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے کوشاں ہے،معروف مزاح نگار اور شاعر ڈاکٹر انعام الحق جاوید کا کہنا تھا کہ مشتاق احمد یوسفی اپنے عہد کے سب سے بڑے مزاح نگار تھے جن کے جملے اب ضرب المثل اختیار کر چکے ہیں۔ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے اس موقع پر مشتاق احمد یوسفی کی کتابوں سے منتخب جملے بھی سامعین کو سنائے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اکیڈمی اف لیٹرز کی چیئر پرسن ڈاکٹر نجیبہ احمد نے بھی مشتاق احمد یوسفی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ان کی مزاح اور سنجیدگی کا حسین امتزاج قرار دیا۔ معروف صداکار عارف بہلیم نے بھی اس موقع پر مشتاق احمد یوسفی صاحب کی مختلف کتابوں سے منتخب حصے پیش کر کے داد وصول کی۔
اسلام آباد سے مزید