واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی ریاست مسی سیپی میں ایک نائٹ کلب کے باہر مسلح شخص نے باہر نکلنے والے افراد پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔امریکی میڈیا کے مطابق ریاست مسی سیپی میں نائٹ کلب کے باہر کھڑے افراد پر ایک شخص نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 20کے قریب افراد شدید زخمی ہوگئے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ مسلح شخص نے 3نوجوانوں کو براہ راست گولیوں کا نشانہ بنایا جس سے بھگدڑ مچ گئی جس پر ملزم نے چاروں اطراف گولیاں چلائیں۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں 3افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی۔ ہلاک ہونے والوں کی عمریں 19سال تھی۔ 16زخمیوں میں سے 4کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی، تفتیشی عمل جاری ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ میں فائرنگ کے واقعات عام ہیں۔ نائٹ کلب میں ہونے والی فائرنگ کے واقعات میں زیادہ تر گینگسٹر ملوث ہوتے ہیں۔