تل ابیب (نیوز ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اس سے فرق نہیں پڑتا کہ امریکہ اگلا صدر کون ہوگا۔ اسرائیل اور امریکہ میں مشرق وسطیٰ میں مضبوط اتحادی تھے اور رہیں گے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکہ روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ مشرق وسطیٰ کی صورت حال میں امریکہ کو اسرائیل کی ضرورت رہے گی۔ وزیراعظم نیتن یاہو نے جوبائیڈن کی خدمات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے فرق نہیں پڑتا کہ امریکہ کا آئندہ صدر کون ہوگا اور کون نہیں۔ اسرائیل مشرق وسطیٰ میں امریکہ کا مضبوط ترین اتحادی تھا اور رہے گا۔ اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ امریکی قیادت سے حماس کے قبضے کے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی سمیت غزہ کے امور پر بات چیت ہوگی۔ امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی دورے کے دوران اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی صدر جوبائیڈن کے ساتھ ملاقات طے نہیں البتہ اسرائیلی وزیراعظم بدھ کو کانگریس سے خطاب کریں گے۔ امریکی میڈیا نے امکان ظاہر کیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان فون پر بات ہوسکتی ہے۔