لندن، لوٹن (شہزاد علی)آزاد تجارتی معاہدے کے لیے برطانیہ کے سیکرٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی بھارت پہنچ گئے،دونوں ملکوں کے تجارتی معاہدے پر مذاکرات کئی ماہ سے تعطل کاشکار ہیں،ڈیوڈلیمی بھارتی وزرا اورکاروباری شخصیات سے بات چیت کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے سیکرٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی وزرا اور کاروباری رہنماؤں سے بات چیت کے لیے بھارت پہنچ گئے۔ اس دورے کو برطانیہ اور گلوبل ساؤتھ کے ساتھ برطانیہ کے تعلقات کو بحال کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ مسٹر لیمی نے معیشت کو بڑھانے اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے حکومت کی کوششوں میں ہندوستان کو "ایک ناگزیر شراکت دار" قرار دیا ہے۔ برطانیہ جلد دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بنانے کے ساتھ ساتھ نئی لیبر حکومت آزاد تجارتی معاہدے کو محفوظ بنانے کے لیے بے چین ہے ۔اقتدار کے چند روز بعد ہی سرکیر سٹارمر کی انتظامیہ نے فوری طور پر بھارت پر توجہ مرکوز کرلی ہے۔ یہ واضح کیا گیا ہے کہ اگر لیبر ترقی چاہتی ہے تو برطانوی فرموں کو ملک میں مزید کاروبار کرنے کی ضرورت ہوگی۔ بھارت کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کے بارے میں 2 سال سے جاری مذاکرات کئی ماہ سے تعطل کے شکار ہیں۔ مارچ میں ہندوستان نے ناروے، سوئٹزرلینڈ، آئس لینڈ کے ساتھ ایک آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کیے، جو تمام غیر یورپی یونین کی ریاستیں ہیں۔ پچھلے سال سابق کنزرویٹو حکومت کے ذرائع نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تجارتی مذاکرات اپنے "حتمی لیکن مشکل ترین" مراحل تک پہنچ رہے ہیں۔ مسٹر لیمی نے کہا کہ وہ ان ترقی پذیر ممالک کے ساتھ برطانیہ کے تعلقات کو دوبارہ ترتیب دینا چاہتے ہیں۔ یورپ اور امریکہ میں سیاسی عدم استحکام کے باعث حکومت دوسرے اتحادیوں کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔